چینائی : انگلینڈ نے احمدآباد کے موتیرا میدان پر 24 فروری کو شروع ہونے والے ڈے نائیٹ ٹسٹ کے علاوہ رواں سیریز کے ماباقی دو ٹسٹ مقابلوں کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم میں وکٹ کیپر بیٹسمین جانی بیرسٹو اور فاسٹ بولر مارک ووڈ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ چینائی میں دوسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کے علاوہ مقابلہ میں آل راونڈ مظاہرہ کرنے والے معین علی کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ احمدآباد میں ڈے نائیٹ ٹسٹ کا آغاز 24 فروری کو ہورہا ہے جیسا کہ انگلینڈ کو چینائی میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن 317 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی جس میں معین علی نے آل راونڈ مظاہرہ کیا تھا لیکن انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر پڑنے والے زائد بوجھ کو کم کرنے کیلئے اختیار کردہ پالیسی کے تحت آل راونڈر کو آرام دیا ہے۔ بیرسٹو کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف ہندوستان سے قبل منعقدہ سیریز کے دو مقابلوں میں 47، ناقابل تسخیر 35، 28 اور 29 رنز اسکور کئے ہیں۔ سری لنکا کے دورہ کے بعد انہیں ہندوستان کے خلاف ابتدائی دو ٹسٹ مقابلوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن اب وہ اس وقفہ کے بعد ٹیم میں واپسی کررہے ہیں۔ سری لنکا سیریز کے بعد انگلینڈ نے فاسٹ بولر مارک ووڈ کو بھی آرام دیا تھا جنہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کی جبکہ دوسرے مقابلہ میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کی۔ انگلش ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے : جیو روٹ (کپتان)، جیمس اینڈرسن ، جوفرا آرچر، جانی بیرسٹو ، ڈومینک 20، اسٹیورٹ براڈ، روری برنس، زیک کرولی، بین کوکس، ڈین لاریسن ، جیک لیچ، اولی پوپ ، ڈوم سبلی، بین اسٹوک، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔