مغربی بنگال SIR: الیکشن کمیشن نے تیسری ضمنی ووٹر لسٹ جاری کی

   

کولکتہ ۔ 29 مارچ (ایجنسیز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ہفتہ کو سال 2026 ء کیلئے ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظر ثانی (SIR) کے تحت تیسری ضمنی ووٹر لسٹ جاری کر دی ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اس فہرست میں ہٹائے گئے یا شامل کیے گئے ووٹرس کی جملہ تعداد کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں دی۔ اس سے قبل جمعہ کی رات دوسری ضمنی فہرست شائع کی گئی تھی۔کمیشن نے 23 مارچ کو “انڈر ایجوڈیکیشن” ووٹرز کی پہلی ضمنی فہرست جاری کی تھی، لیکن فہرست سے نکالے گئے ناموں کی تعداد یا نمٹائے گئے کیسز کی درست تعداد پر خاموشی اختیار رکر رکھی ہے، جس کی وجہ سے کمیشن پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی۔ الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار کے مطابق “ضمنی فہرست” سے مراد ووٹرس کے ناموں کی ایک اضافی فہرست ہے جسے شائع ہونے کے بعد قطعی ووٹر لسٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔ان میں عام طور پر نئے رجسٹرڈ ووٹرز کے نام شامل ہوتے ہیں جنہیں تصدیق اور اصلاح کے بعد دوبارہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ دفتر ایک متعلقہ حذف شدہ ناموں کی فہرست بھی جاری کرتا ہے، جس میں ایک سے زیادہ جگہوں پر ووٹنگ، موت، یا نقل مکانی جیسی وجوہات کی بنا پر ہٹائے گئے نام شامل ہوتے ہیں۔