مغربی بنگال میں الیکشن کمیشن کا دورہ، سیاسی سرگرمیاں تیز

   

کولکاتہ، 6 مارچ (یو این آئی) مغربی بنگال میں الیکشن کمیشن کے دورہ سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے علاوہ مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم)، ہمایوں کبیر کی نو تشکیل شدہ عام جنتا اینین پارٹی اور نوشاد صدیقی کی قیادت میں انڈین سیکولر فرنٹ نے ووٹرفہرست کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ۔ قابلِ ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن کی مکمل ٹیم انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے دو روزہ دورہ پر اتوار کی رات کولکاتہ پہنچنے والی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے وفد کی قیادت چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کریں گے ، جبکہ وفد میں الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی بھی شامل ہوں گے ۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران الیکشن کمشنرز کی جانب سے ریاستی حکام اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ کئی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان اجلاسوں میں انتخابی فہرستوں اور الیکشن سے متعلق دیگر تیاریوں کی پیش رفت پر تبادلہ ٔخیال کیا جائے گا۔ دریں اثنا، الیکشن کمشنرز کی آمد سے پہلے ہی ووٹر فہرست کے معاملے پر سیاسی جماعتیں سڑکوں پر نکل آئی ہیں۔