کولکاتا۔ 8 فبروری (ایجنسیز) مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) سے متعلق دعوے اور اعتراضات پر سماعت کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے، لیکن کئی علاقوں میں عمل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال اب بھی واضح نہیں ہو پائی ہے۔ ریاست کے 3 انتخابی اضلاع میں تقریباً 15 اسمبلی سیٹوں پر سماعت زیر التوا ہے، جس کی وجہ سے ڈیڈ لائن بڑھانے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال نے سماعت کے عمل کیلئے 7 دن کا اضافی وقت مانگا ہے۔
حالانکہ کولکاتہ میں واقع سی ای او دفتر کو اب تک نئی دہلی میں الیکشن کمیشن (ای سی آئی) ہیڈکوارٹر سے اس سلسلے میں کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ سی ای او دفتر سے منسلک ذرائع کے مطابق کنفیوڑن کی صورتحال 2 وجوہات سے پیدا ہوئی ہے۔ پہلی یہ کہ اگر ڈیڈ لائن بڑھائی جاتی ہے تو نئی آخری تاریخ کیا ہوگی؟ دوسری یہ کہ اس توسیع کا اطلاق صرف انہی 15 اسمبلی حلقوں تک محدود رہے گی، جہاں سماعت مکمل نہیں ہو پائی ہے یا پھر پوری ریاست کے لیے وقت کی حد بڑھائی جائے گی؟