مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس لیڈر کا قتل

   

کولکاتہ، 31 جولائی (یو این آئی) مغربی بنگال کے ہگلی ضلع میں دو نامعلوم حملہ آوروں نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیڈر پنٹو چکرورتی عرف پنٹو کا بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس نے آج اس کی تصدیق کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چکرورتی ایک تاجر تھے اور کون نگر میں ترنمول کانگریس زیر قیادت کنائی پور پنچایت کمیٹی کے رکن تھے ۔ چکرورتی پر منگل کو بازار میں اس وقت تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا جب وہ اپنی گیس ایجنسی کی دکان بند کرنے کے بعد پارٹی میٹنگ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے ۔ چکرورتی کو قریبی مقامی اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں کولکاتہ کے ایس ایس کے ایم اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔ چکرورتی کے قتل کے ساتھ ہی اس ماہ ریاست کے مختلف حصوں میں حکمراں جماعت کے کل چھ لیڈر مارے گئے ہیں۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔