سعودی عرب سے واپسی کے بعد کھانسی، بخار، لیکن ذیابیطس سے موت کی توثیق
کولکتہ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ضلع مرشد آباد کے ایک دواخانہ میں کورونا وائرس کے شبہ پر سب سے الگ تھلگ وارڈ میں رکھے گئے مریض کے لعاب اور خون کے معائنوں سے واضح ہوگیا ہے کہ اس کی موت کورونا وائرس سے نہیں ہوئی ہے۔ یہ 33 سالہ مریض اتوار کو مرشدآباد میڈیکل کالج ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جس سے ایک دن قبل وہ سعودی عرب سے واپسی کے بعد مشتبہ طور پر کورونا وائرس سے متاثر سمجھا گیا تھا۔ عہدیداروں نے کہاکہ اُس کو سب سے الگ تھلگ وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ ان کے خون اور بلغم کے نمونوں سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ کھانسی بخار کا شکار تھا لیکن کوویڈ ۔ 19 سے متاثر نہیں تھا۔ وہ شدید ذیابیطس کا مریض بھی تھا اور اس کی موت غالباً ذیابیطس کی وجوہات کے سبب ہوئی ہے۔ وہ انسولین پر تھا اور اس کے پاس انسولین خریدنے کے لئے پیسے نہیں تھے۔