مغربی ممالک کی مددکے ذریعہ چین اپنا رسوخ بڑھانے کا خواہاں

   

بیجنگ۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اپنے ملک میں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہونے کے بعد چین نے اب اس جنگ میں مغربی ممالک کی مدد کیلئے قدم بڑھایا ہے تاہم ناقدین نے چین کے اس قدم کو دوسرے زاوئے سے دیکھنا شروع کیا ہے اور کہا ہے کہ چین یہ سب دنیا میں اپنا اثرو رسوخ بڑھانے کے لیے کر رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکہ اور یورپی ممالک کے نظامِ صحت پر کورونا وائرس کے بڑھتے بوجھ کو دیکھتے ہوئے چین نے لاکھوں کی تعداد میں فیس ماسک اور طبی عملہ وہاں بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔تجزیہ نگاروں نے کہا ہیکہ اپنے اس اقدام سے چین اس تاثر کو بھی مٹانا چاہتا ہے جس کے تحت ابتدا میں کہا جا رہا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی وبا سے ٹھیک طرح سے نہیں نمٹا ہے۔ یہ امداد ایک مہم ہے جو مغرب اور خاص طور پر امریکہ کے سامنے چین کی طاقت کو نمایاں کرنے کا ایک موقع ہے۔ کورونا وائرس گذشتہ سال چین کے شہر ووہان کی جنگلی جانوروں کی ایک منڈی سے پھیلا تھا۔