امیرشریعت مدھیہ پردیش،شاگرد رشید شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی ؒ ونائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا مفتی عبد الرزاق خان صاحب کے تعلق سے رات ۱۱بجے کے قریب اچانک ایک اندوہناک اطلاع آئی کہ حضرت مفتی صاحب کابھوپال میں کم وبیش 94سال کی عمرمیں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا، اناللہ واناالیہ راجعون۔صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے ان کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضر ت مفتی ؒصاحب ؒکا انتقال علمی،ملی وجماعتی اعتبار سے ایک بہت بڑا خسارہ ہے، جس کا پر ہونا بہت مشکل ہے۔ مولانامرحوم حضرت مدنی نوراللہ مرقدہ کے شاگردرشید اورتربیت یافتہ تھے اوراس زمانہ کے تمام ہی بزرگوں سے گہراتعلق رکھنے والے تھے، مختلف علوم وفنون کی کتابیں پڑھنے والے تھے، اس کے لئے اپنے تمام اساتذہ کرام اوربالخصوص حضرت مدنی نوراللہ مرقدہ سے نہایت مخلصانہ بلکہ فدائیت کاتعلق رکھتے تھے۔ چونکہ عمرکاطویل عرصہ انہوں نے اپنے اکابرکے سایہ میں گزاراتھا اورجمعیۃعلماء ہند کے مختلف ادوارکو انہوں نے دیکھ رکھاتھا، اس لئے وہ جمعیۃعلماء ہند کی ایک تاریخ تھے،اجتماعی مسائل میں انتہائی بیباک،صاف بات کہنے والے اوراپنے موقف پر پتھرکی طرح ثابت قدم رہنے والے تھے
