مفرور بیوی کی تلاش میں ناکامی سے دلبرداشتہ شخص کی خودکشی

   

حیدرآباد 11 فروری (سیاست نیوز) مفرور بیوی کی تلاش میں ناکامی سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فارم نمبر 2 پر مایوس شخص نے ٹرین کی پٹریوں پر لیٹ کر خودکشی کرلی۔ ریلوے پولیس سکندرآباد کے مطابق 32 سالہ بجرنگ سہگل چھتیس گڑھ ریاست کا ساکن تھا جو اپنے دو رشتہ داروں کے ہمراہ بیوی کی تلاش میں حیدرآباد پہونچا۔ حیدرآباد میں مفرور بیوی کی تلاش میں ناکامی سے بجرنگ سہل مایوس ہوگیا اور اپنے آبائی مقام جانے سے خوف کا شکار تھا۔ بیوی کی بے وفائی اور گاؤں میں رسوائی کے خوف سے وہ دلبرداشتہ ہوگیا تھا۔ سہگل جو اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ آیا تھا، واپسی کے ٹکٹ لینے میں مصروف دیکھ کر ٹرین کے آگے خودکشی کرلی۔ بجرنگ سہگل کی بیوی ایک ہفتہ قبل عاشق کے ساتھ فرار ہوگئی تھی۔ بیوی کے فرار ہونے کے بعد اس نے رشتہ داروں اور گاؤں برادری میں رسوائی کے خوف سے اسے تلاش کرنا شروع کیا اور حیدرآباد کا رُخ کیا تھا۔ سکندرآباد ریلوے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع