نئی دہلی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے میڈیم فاسٹ بولر دیپک چہر نے کہا ہے کہ وہ گھریلو اور بین الاقوامی کرکٹ میں مصروفیت کے بعد اب سمجھنے لگے ہیں کہ انہیں سوچ سمجھ کر ہی میچوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ چہر نے سال2018 میں افغانستان کے خلاف ستمبر میں ونڈے اورجولائی میں انگلینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھاتھا۔ چہر نے سال 2019 میں بھی محدود اوورکے فارمیٹ میں ہندوستان کی جانب سے کافی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش کے خلاف عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے سات رن دے کر چھ وکٹ لئے۔ اس کے بعد گھریلو ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں چہر نے راجستھان کے لئے بھی زبردست مظاہرہ کیا لیکن مسلسل کرکٹ کی وجہ سے ان کی پیٹھ کے نچلے حصے میں کھینچاوآ گیا اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے سے باہر ہوگئے تھے ۔ اس کے بعد سے چہر نے تسلیم کیا ہے کہ انہیں اپنے گھریلو کرکٹ میں کھیلنے کے سلسلے میں صحیح منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔