مقامی ادارہ جاتی انتخابات بی آر ایس کے لیے چیالنج

   

قائدین کے خلاف دوران تحقیقات انتخابی اعلامیہ کی اجرائی پر الجھن ممکن
حیدرآباد۔18۔جون(سیاست نیوز) ادارہ جات مقامی کے انتخابات بھارت راشٹر سمیتی کے لئے چیالنج بنتے جا رہے ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے بی آ رایس قائدین کے خلاف جاری تحقیقات کے دوران ادارہ جات مقامی انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں بی آ ر ایس کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ سیاسی ماہرین کا کہناہے کہ اگر سربراہ بی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور سابق ریاستی وزیر مسٹر ہریش راؤ کے خلاف کالیشورم معاملہ میں تحقیقات اور کے سی آر کے فرزند و سابق ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ کے خلاف ای۔ کار ریس معاملہ میں تحقیقات کے دوران انتخابات منعقد کروائے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں بی آ ر ایس کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی طرح اگر صدر تلنگانہ جاگرتی مسز کے کویتا اور پارٹی کے درمیان جاری مبینہ تنازعہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں آگ میں تیل کا کام کرسکتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی اسمبلی انتخابات اور عام پارلیمانی انتخابات میں بی آر ایس کو شکست کے بعد شہر حیدرآباد میں سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں بی آ ر ایس کو ہونے والی شکست کے بعد ادارہ جات مقامی کے انتخابات بی آر ایس کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں لیکن اس کے باوجود جن حالات کا سامنا بی آر ایس کو کرنا پڑرہا ہے ایسی صورت میں ادارہ جات مقامی انتخابات میں بھی بی آر ایس کوکوئی خاص فائدہ حاصل ہونے کی توقع نہیں ہے۔ بی آ ر ایس پارٹی قائدین کا کہناہے کہ گریجویٹ اور ٹیچرس کی کونسل کی نشستو ںپر ہونے والے انتخابات میں پارٹی نے حصہ نہ لیتے ہوئے جو حالات پیدا کئے ہیں اس کا فائدہ برسراقتدار پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہوچکا ہے اور اب جبکہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں ایسے میں بی آر ایس کے سرکردہ قائدین کے خلاف حکومت کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں جو کہ ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں پارٹی کے لئے نقصان کا سبب بن سکتی ہے اس کے علاوہ پارٹی قائدین بالخصوص کے کویتا کی جانب سے اختیار کردہ موقف کے سبب بھی پارٹی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے ۔ پارٹی قائدین کا کہناہے کہ اگر پارٹی کے سرکردہ قائدین کے درمیان اتحاد کو پیش کرنے میں پارٹی ناکام ہوتی ہے تو ایسی صور ت میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں سخت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے علاوہ ازیں مختلف ریاستی ایجنسیوں کی جانب سے جاری تحقیقات کے نام پر قائدین کو طلب کیا جاتا رہتا ہے تو ایسی صورت میں عوام میں بی آر ایس قائدین کی شبیہہ متاثر ہونے کا قوی امکان ہے۔ اگر تحقیقات کی رپورٹ منظر عام پر لاتے ہوئے انتخابات منعقد کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں بی آر ایس قائدین کو اپنی صفائی دینے میں مشکلات پیش آئیں گی کیونکہ حکومت کی جانب سے جو رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی اس رپورٹ میں بی آرایس قائدین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف پروپگنڈہ کے لئے ان رپورٹس کو استعمال کیا جائے گا اور عوام میں پھیلنے والی بدگمانیوں کو دور کرنے میں بی آر ایس قائدین کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے ادارہ جات مقامی انتخابات میں بھی بی آ ر ایس کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔3