مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ

   

سنگاریڈی میں ڈی وائی ایف آئی کے اجلاس سے خواجہ ارشد الدین کا خطاب
سنگاریڈی : ڈیموکرناٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا ( ڈی وائی ایف آئی) ضلع سنگاریڈی کی پلینیری کالونی این جی اوز بھون سنگاریڈی میں انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں سنگاریڈی کے جواں سال معروف ایڈوکیٹ خواجہ ارشد الدین کا بحیثیت صدر ڈی وائی ایف آئی ضلع سنگاریڈی متفقہ انتخاب عمل میں آیا۔ ڈی وائی ایف آئی پلینیری اجلاس سے نو منتخب صدر خواجہ ارشد الدین ایڈوکیٹ نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ضلع سنگاریڈی میں سینکڑوں کی تعداد میں خانگی فیکٹریز موجود ہے اور ضلع سنگاریڈی صنعتی علاقہ کے طور پر مشہور ہے لیکن یہاں کے نوجوانوں کو اس کا خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں ہوا ہے۔ ضلع سنگاریڈی کی فیکٹریز میں غیر مقامی افراد کو نوکریاں دی جا رہی ہے جس کے سبب ضلع کے اہل نوجوان کی حق تلفی ہو رہی ہے۔ ضلع کے مقامی نوجوانوں میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے اس کا سد باب مقامی فیکٹریز میں مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے سے ہی ہوگا۔ فیکٹریز میں مقامی نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوے ڈی وائی ایف آئی احتجاجی تحریک منظم کریگی۔ ضلع کے پسماندہ علاقوں میں فیکٹریز قائم کرتے ہوے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے مسائل بلخصوص روزگار سے متعلق مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوگئی۔ اس کے ساتھ ریاست میں سب کو مفت اور معیاری تعلیم و طبی سہولتوں کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں پر ڈی وائی ایف آئی ضلع کے نوجوانوں میں شعور بیدار کریگی اور ملک میں دستور کی بالادستی و جمہوری حقوق کی پاسبانی کے لیے ڈی وائی ایف آئی نوجوانوں کے ساتھ مہم منظم کریگی۔ اجلاس میں ٹی انیل کو سکریٹری، سری سیلم ، پرشانت نائب صدور، پنڈریکم، پربھاس جوائنٹ سکریٹریز، کے جگن، ایم بچیا، شیخ امتیاز اور کے نوین اراکین عاملہ منتخب ہوے۔