اسلام آباد : ہند و پاک کے مابین جنگ کے خطرے کے سبب ایل او سی کے قریب رہنے والوں کو دو ماہ کے لیے خوراک ذخیرہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پاک ہندوستان کشیدگی کی وجہ سے وادی نیلم میں سیاحتی سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام نے ہندوستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے رہائشیوں کو خوراک ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت 2 مئی کو جاری کی گئی۔ علاقائی حکومت کا یہ اقدام بظاہر گزشتہ ماہ ہندوستانی زیر انتظام کشمیر میں سیاحوں پر حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے مابین پائی جانے والی کشیدگی کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ ہندوستان نے 22 اپریل کو اپنے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر مسلح افراد کے حملہ کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، اس حملہ میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسلام آباد اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔ ہندوستانی فوج کے مطابق دونوں فریق مسلسل آٹھ راتوں سے اپنے مابین ڈی فیکٹو بارڈر یا لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ کر تے آئے ہیں۔ دونوں حریف ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف سخت جوابی سفارتی اقدامات بھی کئے ہیں۔