’’عوامی تحفظ ،پولیس کی ذمہ داری ‘‘کے عنوان پر بیداری پروگرام ، ضلع ایس پی کا خطاب
محبوب نگر ۔31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب نگر میں محکمہ پولیس کی جانب سے پروگرام ’’عوامی تحفظ ، پولیس کی ذمہ داری‘‘ مختلف مقامات پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ آج یہ پروگرام مستقر محبوب نگر کے گورنمنٹ جونیر کالج (گرلز) میں منعقد ہوا۔ ضلع ایس پی شریمتی جانکی دھراوت نے طلبہ کیلئے قوانین سے آگاہی، 2 پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محبوب نگر کے ڈی ایس پی وینکٹیشورلو نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی طلباء سے بات کی۔ قوانین، حفاظت اور ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے نکات ذہن نشین کروائے کہ پولیس کی موجودگی آپ کی حفاظت کیلئے ہے۔ جو لوگ قانون کے مطابق کام کرتے ہیں، انہیں خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ کمیونٹی کے درمیان تصادم، اختلافات، معاشرے کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ روڈی شیٹرس اور دیگر ملزمین ، پولیس اور سماج میں بدنما داغ ہیں۔ انتخابات کے دوران افراتفری کا ماحول پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مقدمات میں پھنس جانے والوں پر ملازمتوں، غیرملکی مواقع پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ 2 ٹاؤن سرکل انسپکٹر محمد اعجازالدین نے کہا کہ خواتین کا احترام بہرحال لازمی ہے۔ چھیڑچھاڑ، ہراسانی پر سخت کارروائی ہوگی۔ راشن کے غیرقانونی کاروبار پر سخت کارروائی ہوگی۔ نوجوان معاشرے میں امن و سلامتی کے حکمران بنیں۔ جرائم سے پاک سماج کی تشکیل پولیس اور عوام کے اشتراک سے ہی ممکن ہے۔ پروگرام میں کالج پرنسپل محترمہ کوثر جہاں، اے ایس آئی سائی نرملا، پولیس عملہ، کالج اسٹاف، پولیس ٹیم اور طالبات موجود تھے۔