نارائن پیٹ میں لوک عدالت کی تیاری اجلاس سے جج محمد عبدالرفیع کا خطاب
نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اینڈ سیشن جج ، مسٹر محمد عبدالرفیع نے 13 اگسٹ کو مقررہ قومی لوک عدالت کی تیاری کے لئے منعقدہ مشاورتی اجلاس میں سینئر سیول جج شریمتی سبھاولی اور جونیر سیول جج مسٹر راجندر کے ہمراہ شرکت کی ۔ اس اجلاس میں محکمہ پولیس ، محکمہ ایکسائیز کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی ۔ ضلع سیشن جج مسٹر محمد عبدالرفیع نے ذیلی عدالتوں کے ججوں سے کہا کہ وہ تمام مقدمات میں فریقین کی آپس میں صلح و صفائی کے ذریعہ مقدمات کو حل کریں۔ انھوں نے کہا کہ صلح کا طریقہ بہترین طریقہ ہے ۔ اگر چھوٹے بڑے مقدمات کو عدالتوں کو لے کر جائیں تو یہ نہ ختم ہونے والا طریقہ ہے ۔ ایک عدالت میں کوئی مقدمہ ہارجاتا ہے تو اس سے اونچی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے، اس طرح یہ سلسلہ طوالت اختیار کرتا جاتا ہے ، اس لئے فریقین قومی لوک عدالت جو تیز تر مقدمات کی شنوائی کے ذریعہ انصاف رسانی کا کام کرتی ہے ، عوام کو اس سے فائدہ اُٹھانا چاہئے ۔ انھوں نے 13 اگسٹ کو نارائن پیٹ ضلع سیشن کورٹ میں منعقد ہونے والی لوک عدالت سے فائدہ اٹھانے کی عوام سے اپیل کی ۔