حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بلدی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی پر جاری کردہ حکم التواء کو برخواست کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن کو اعلامیہ کی اجرائی کی اجازت فراہم کردی ہے۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس آر ایس چوہان اور جسٹس اشوک کے اجلاس پر گذشتہ یوم تحفظات کے معاملہ میں داخل کردہ درخواست کی سماعت کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ نے اعلامیہ کی اجرائی پر حکم التواء جاری کیا تھا لیکن آج مقدمہ کی سماعت کے بعد اس حکم التواء کو برخواست کرتے ہوئے بلدی انتخابات کے عمل کو جاری رکھنے کی راہ ہموار کردی ہے۔عدالت کے احکام کے بعد اب ریاست میں بلدی انتخابات ماضی میں معلنہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے ۔ شیڈول کے مطابق ریاست میں بلدی انتخابات کے لئے 22 جنوری کو رائے دہی عمل میں لائی جائے گی۔جبکہ رائے شماری کے لئے 25جنوری کی تاریخ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔