آلودہ اور ڈرینیج کے پانی کے مسائل ۔ حکام و ذمہ داران کی مجرمانہ غفلت
حیدرآباد۔30 نومبر(سیاست نیوز) آلودہ پانی کی شکایات اور ڈرینیج کے پانی کا سڑکوں پر بہاؤ مقطعہ مدار صاحب کے مکینوں کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے اور اس حل کیلئے متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ یہاں لوگ ڈینگو و ملیریا کا شکار ہو رہے ہیں ۔ اس علاقہ میں گذشتہ 6برسوں میں ڈینگو اور ملیریا سے کئی اموات ہوچکی ہیں لیکن ان مسائل کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔ مقامی عوام نے آلودہ پانی و ڈرینیج کے مسائل پر کہا کہ منتخبہ عوامی نمائندوں کے علاوہ بلدیہ حیدرآباد اور محکمہ آبرسانی بھی اس سے واقف ہے ‘ کئی مرتبہ تیقن دے چکے ہیں کہ وہ اس کو حل کریں گے لیکن کچھ نہیں کیا گیا جس سے عوام کو احتجاج کرنا پڑرہا ہے۔ مکینوں نے بتایا کہ حکام کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں لیکن اس کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ عہدیدارو ںکے مطابق مقطعہ مدار صاحب علاقہ کو سلم ڈیولپمنٹ کے تحت ترقی دینے کا منصوبہ تیار ہے لیکن ناکافی فنڈس کے سبب ترقیاتی کاموں کو شروع نہیں کیا جا رہاہے جبکہ عوام کا کہناہے کہ ترقیاتی کام تو دور بنیادی سہولتوں اور صفائی کیلئے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ آبرسانی عہدیداروںکے مطابق مسائل کو حل کرنے منصوبہ ہے اور محکمہ سنجیدہ اقدامات کررہا ہے۔ احتجاج میں شامل عوام نے بتایا کہ محلہ میں آلودہ پانی اور ڈرینیج کے سبب علاقہ میں موجود معصوم بچے متعدی امراض کا شکار ہورہے ہیں اور اور عہدیدار واقف ہیں ۔ علاقہ میں ہمہ وقت بدبو وتعفن کے علاوہ مچھروں کی کثرت ہے جس کی وجہ سے بچے ملیریا کا شکار ہونے لگے ہیں ۔ حکام علاقہ کو محض اسی لئے نظرانداز کر رہے ہیں کہ یہاں متوسط اور غریب طبقہ کے شہری رہتے ہیں جن کی حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔