کوالالمپور : حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم محی الدین یاسین پر ملائیشیا کے سابق بادشاہ کی توہین کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مختلف ریاستوں کے درمیان گردش کرنے والی بادشاہت کو نہایت احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ملائیشیا میں حزب اختلاف کے قائد اور سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کے خلاف 15 اگست کے روز ایک سیاسی تقریر میں ملک کے سابق بادشاہ کی مبینہ طور پر توہین کرنے پر، بغاوت جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ محی الدین یاسین نے سن 2020 اور 2021 کے درمیان ملک پر حکومت کی۔ وہ ملائیشیا کے قدامت پسند، مالائی مرکوز اپوزیشن بلاک کی قیادت کرتے ہیں۔ البتہ انہوں نے ان مبینہ الزامات کا اعتراف نہیں کیا۔ ملائیشیا میں بادشاہت ایک رسمی عہدہ ہے، تاہم یہ انتہائی قابل احترام ہوتا ہے، اگر اس کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے جائیں، تو نوآبادیاتی دور کے ایک قانون کے تحت اس کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ ملائیشیا میں بادشاہت کی ایک منفرد شکل ہے، جس کے تحت نو ریاستوں کے شاہی خاندان کے لوگ ہر پانچ سال پر یکے بعد دیگر شاہی تخت سنبھالتے ہیں۔