کوا لالمپور:ملائیشیا کے 98 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہاتیر محمد کی حالت تسلی بخش ہے۔ مہاتیر محمد کو امراض قلب کے ہاسپٹل میں منگل کو داخل کیا گیا اور ان کا انفیکشن کا علاج کیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ مہاتیر محمد کئی سال سے دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں، ان کا بائی پاس بھی ہوچکا ہے۔مہاتیر محمد دو بار ملائیشیا کے وزیر اعظم رہے اور مجموعی طور پر 24 سال تک عہدے پر فائز رہے ہیں۔مہاتیر محمد پہلے 1981 سے 2003 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے اور پھر 92 سال کی عمر میں اصلاح پسند اتحاد کی سربراہی کرتے ہوئے 2018 میں اقتدار میں واپس آئے۔مہاتیر محمد کی یہ حکومت زیادہ دیر نہ چل سکی اور 2020 میں ان کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔وہ 2022 کے عام انتخابات میں دوبارہ کھڑے ہوئے تاہم انہیں کامیابی نہ مل سکی۔