ملت فنڈ سے 14 مسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو انسپکٹر پولیس چندرائن گٹہ کے این پرساد ورما کے علاوہ میر ذوالفقار علی کا مراسلہ موصول ہوا جس میں دو مسلم نعشوں کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد ، سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 12 نعشوں کی تدفین کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ جملہ 14 نعشوں کو حاصل کرکے دواخانہ عثمانیہ ہی میں بعد نماز فجر نماز جنازہ مولانا سید شاہ انعام الحق قادری نقشبندی امام و خطیب مسجد افضل گنج نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں مولانا سید حفیظ اشرفی، امام و خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ‘ سماجی کارکن محمد حمید الدین جہاں نما ‘سید زبیر ہاشمی، محمد عنایت علی خاں شریک تھے۔ اس موقع پر سید شاہ فضل محی الدین قادری ایڈوکیٹ نے بتایا کہ ان کے بھائی جناب سید شاہ ندیم اللہ حسینی شاہ قادری اور فضیلت النساء عرف عشرت جو اس وقت عمرہ کے لئے گئے ہوئے ہیں نے بتایا کہ انہوں نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے بھی دعا کی۔ محترمہ بشری تبسم ، سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل نے ورثاء کیلئے دعا کی اور کہا کہ اللہ پاک وہ جہاں بھی ہوں انہیں صبر جمیل عطا فرمائے اور جناب زاہد علی خان صاحب کی حیات میں صحت کے ساتھ اضافہ فرمائے آمین۔