بچکنڈہ میں فرزندان توحید کی عظیم ریالی، ایم آر اوآفس و پولیس اسٹیشن میں یادداشت کی پیشکشی
بچکنڈہ۔/19 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچکنڈہ شہر فرزندان توحید کے نعروں سے گونج اٹھا، ملعون گستاخان رسول کے خلاف مسلمانوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے بہت بڑی ریالی نکالی اور فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ شان اقدس کا تحفظ ہمارے لئے جان سے زیادہ عزیز ہے۔ مسلمانوں نے اس موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملعون یتی نرسنگھانند کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ بچکنڈہ کی تمام جماعتوں کے متحدہ مسلم محاذ نے مسجد عابدین کے صدر اور نوجوان ذمہ داران کے اعلان پر بدنام زمانہ ملعون و مردود یتی نرسنگھانند کے خلاف 19 اکٹوبر ہفتہ کو صبح 11 بجے بچکنڈہ میں احتجاجی طور پر پُرامن بند منایا بالخصوص مسلمان تاجروں نے اپنے اپنے تجارتی مراکز بند رکھے اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی پاسبانی میں بھرپور حصہ لیا اور صبح 11 بجے مسجد عابدین بچکنڈہ سے ایم آر او آفس اور پولیس اسٹیشن تک تاریخ ساز لیکن پُرامن ماحول میں احتجاجی ریالی نکالی گئی جس میں سینکڑوں فرزندان توحید نے شرکت کی اور غلامان محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے فلک شگاف نعروں سے بچکنڈہ گونج اٹھا اور ملعون کو سخت سے سخت سزا دینے کا پرزور مطالبہ کیا گیا اور کہا کہ آئے دن ہمارے ملک میں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی سازش کے تحت ہمارے آقا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیان دیئے جارہے ہیں جو قابل مذمت ہیں۔ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔اس موقع پر جناب کلیم پٹیل نے ریالی کے دوران صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملعون و مردود جس نے ہمارے نبی ؐ کی شان میں گستاخی کی ہے اسے فوری گرفتار کرتے ہوئے پھانسی کے پھندے پر چڑھایا جائے۔ اسی طرح رام گری مہاراج کو بھی سخت سے سخت سزا دیتے ہوئے سلاخوں کے پیچھے ڈال کر کڑی سزا سنائی جائے تاکہ کوئی بھی آئندہ آواز اٹھا نہ پائے اور کہا کہ ہم پُرامن ریالی کے ذریعہ حکومت ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسے غداروں کو کھلی چھوٹ نہ دیں فوری کارروائی کرتے ہوئے پھانسی دی جائے۔ حافظ محمد غوث نے کہا کہ یہ جو دنیا بنائی گئی ہے ہمارے نبیؐ کے صدقہ میں بنائی گئی ہے ملعون و مردود گستاخ رسول رام گری مہاراج اور یتی نرسنگھانند کو فوری گرفتار کیا جائے۔ غدار مہاراجوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے، بعد ازاں ایم آر او آفس پہنچ کر ڈپٹی ایم آر او کو ایک یادداشت حوالے کی، وہاں سے پولیس اسٹیشن پہنچ کر سرکل انسپکٹر جگڈم نریش کو ایک یادداشت پیش کی۔ اس پرُامن ریالی میں کوڈبگل ایس آئی، جکل ایس آئی کے علاوہ پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا تھا۔ اس موقع پر شیخ پاشاہ کانگریس سینئر قائد، جناب کلیم پٹیل، حافظ محمد غوث، شیخ جاوید صدیقی، شیخ بابا ، مسجد عابدین کے صدر غلام احمد ، مولانا رضوان القاسمی ، مفتی محبوب قاسمی ، مفتی حامد قاسمی، مولانا عبدالعلیم فاروقی، سید انور اللہ، یوسف چاؤش، سید لئیق ، مولوی معین اکبر، حافظ سید واجد، مولانا ربانی قاسمی اور دیگر موجود تھے۔