ملک بھر میں ایئرپورٹس کو بم کی جھوٹی اطلاع کا معمہ حل

   

چینائی کی ایک کمپنی کی ملازمہ گرفتار، عاشق سے انتقام لینے اس کے ای میل کے استعمال کا اعتراف

حیدرآباد 3 اگست (سیاست نیوز) شمس آباد آر جی آئی اے آؤٹ پوسٹ پولیس نے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جو ملک بھر کے ایئرپورٹس کو ای میل کے ذریعہ بم رکھنے کی جھوٹی اطلاعات روانہ کررہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق رینے جوشلدا ساکن چینائی ایک کمپنی میں ملازمت کررہی تھی، ملازمت کے دوران وہ اپنے ایک ساتھی پربھاکر سے یکطرفہ محبت کررہی تھی، جب بھی وہ پربھاکر سے محبت کا اظہار کرتی وہ انکار کردیتا۔ رینے نے اس کو سبق سکھانے کے لئے پربھاکر کا ای میل استعمال کرتے ہوئے ملک کے کئی برے شہروں کے ایئرپورٹس کو بم سے اُڑانے کے فرضی میل روانہ کئے۔ 12 جون کو احمدآباد میں ایئر انڈیا حادثہ میں بھی اس نے میل کا استعمال کرتے ہوئے ایک اور فرضی میل کیا جس میں اس نے اس حادثہ کی ذمہ داری قبول کی۔ اس میل کے بعد تمام سکیورٹی ایجنسیاں چوکس ہوگئیں اور تحقیقات پر آؤٹ پوسٹ پولیس کو ایک اطلاع ملی جس پر کارروائی کرتے ہوئے رینے کو گرفتار کرلیا گیا اور اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس نے عاشق سے بدلہ لینے کے لئے فرضی میل روانہ کئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ ملک کی 12 ریاستوں میں اس کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ رینے کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ (ش)