حیدرآباد ۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) ایک سروے کے مطابق 2018ء میں کسانوں کی خودکشی کے معاملہ میں 908 اموات کے ساتھ ریاست تلنگانہ تیسرے مقام پر رہی جبکہ مہاراشٹرا 3594 اموات کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ کرناٹک 2405 خودکشیوں کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔ این سی آر بی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک ڈیٹا میں یہ تفصیلات بتائی گئیں۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے بعد دیوالیہ ہوجانے اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے کسانوں کی خودکشی کے 908 واقعات ہوچکے ہیں جن میں سے 801 مرد اور 107 خواتین ہیں۔ 720 کسان ایسے تھے جنہوں نے اپنی ذاتی زمین پر کاشتکاری کی تھی جبکہ 180 خودکشی کرنے والے کسان ایسے تھے جنہوں نے کرائے پر لی گئی زمین پر کاشتکاری کی۔ آٹھ کسان ایسے تھے جو زراعت کے شعبہ میں لیبر کے فرائض انجام دیئے تھے جبکہ حیرت انگیز طور پر کچھ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں جیسے مغربی بنگال، بہار، اڈیشہ، اتراکھنڈ، میگھالیہ، گوا، چندی گڑھ، دمن دیو، دہلی، لکشدیپ اور پڈوچری میں کسانوں کی خودکشی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔