حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے بتایا کہ ملک بھر میں 16 حج ہاوزس کو کورنٹائن سنٹرس میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کو رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسیس کی تعداد بڑھ کر 2069 ہوچکی ہے اور 53 ہلاکتیں ہوئیں۔ 2014 ہندوستانی شہریوں اور 55 بیرونی شہریوں میں وائرس کا پتہ چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو کورنٹائن کی سہولت کیلئے ملک کے حج ہاوزس کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ 16 حج ہاوز ایسے ہیں جہاں کورنٹائن سنٹر کے قیام کی گنجائش موجود ہے اسی لئے ان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے تلنگانہ حج کمیٹی سے بھی نامپلی حج ہاوز کے کورنٹائن سنٹر کی حیثیت سے استعمال کے بارے میں استفسار کیا تھا۔ حج ہاوز کیونکہ وقف ملکیت ہے لہذا تلنگانہ وقف بورڈ نے کورنٹائن سنٹر میں تبدیل کرنے سے اتفاق نہیں کیا۔ حج ہاوز کی عمارت میں کئی اقلیتی اداروں کے دفاتر موجود ہیں اس کے علاوہ مسجد میں نمازوں کیلئے عوام کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ حج ہاوز میں موجود کمرے اس لائق نہیں کہ انہیں کورونا وائرس کے متاثرین کے کورنٹائن سنٹر میں تبدیل کیا جاسکے۔