راشٹروادی یوتھ کانگریس پارٹی کا کنونشن ، ریاستی سطح کے نمائندوں نے نوجوانوں کی رہبری کی
دیگلور ۔24 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راشٹروادی یوتھ کانگریس پارٹی شردپوار گروپ کی جانب سے دیگلور شہر اور تعلقہ کے تمام فلور لیڈرس اور کارکنان کا اہم کنونشن منعقد ہوا۔ اس موقع پر ضلع صدر دھننجئے سوریہ ونشی نے کہا کہ ہم تمام کو حلقہ اسمبلی دیگلور میں مہاویکاس آگھاڑی کو کامیاب بنانا ہے اور قومی صدر عزت مآب شردجی چندر پوار کے ہاتھ مضبوط کرنا ہے اس لیے تمام فلور لیڈرس اور کارکنان اپنے اپنے وارڈس، گلی اور مواضعات میں الیکشن بوتھ وائس میٹنگس لے کرکے ابھی سے مورچہ سنبھالنے کی اپیل کی۔ ضلع نائب صدر لکشمی کانت پدم وار نے تمام کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اپنے ملک میں قومی یکجہتی قائم رکھنے کیلئے اس مرتبہ زعفرانی پارٹیوں کو کس طرح سے شکست دی جا سکتی ہے اس پر غور کرنا لازمی ہے ۔ اس لیے یہ عمل اگر دیہاتوں سے شروع ہو تو بہت اچھا ہے۔ تعلقہ این سی پی صدر ایڈوکیٹ انکوش ڈیسائی نے تمام فلور لیڈرس و نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں جس طرح سے ہم نے مہا ویکاس آگھاڑی کے وسنت راؤ چوہان، کانگرس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا،مہاراشٹرا سے اور اس ملک سے تعصبیت کو ختم کرنے کے لیے ہمیں متحد ہونا ضروری ہے ۔ انھوں نے بتلایا کہا کہ وہ متحرک ہو جائیں اور دیہات سے لے کر شہر تک اور بوتھ سے لے کر وارڈس تک مضبوط کام کریں اور جتنی بھی عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے اس پر انہوں نے زور دیا۔ ضلع کارگزار صدر وکرم ناگشٹیوار، یوتھ ونگس آرگنائزر جتیندر کاڑے، ضلع سیکرٹری شیوکمار ڈاکورے، گجو کامبڑے، شیخ محسن مالیگاؤنکر، چندر کانت نانا مورے(تعلقہ صدر یوتھ کانگریس) نے بھی تمام نوجوانوں سے یکجہتی و مستعدی کیساتھ کام کرنیکی اپیل کی۔اس موقع پر ناندیڑ دکن کے صدر پانڈورنگ شیرساگر، گیانیشور کدم، کڑکے،شیخ حبیب الرحمٰن ٹیپو نے نوجوانوں کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے موقع پر جو انھوں نے انتھک محنت کی اس کی سرہانہ کی اور کہا کہ وہی محنت ہم یہاں پر قائم رکھیں گے۔ دیگلور تعلقہ صدر ششانک پٹیل مجل گیکرنے تمام فلور لیڈرس اور کارکنان کا یہاں پر استقبال کیا۔اس موقع پر دیگلور شہر و تعلقہ کے سینکڑوں کارکنوں نے لوک سبھا الیکشن کی طرح حلقہ اسمبلی دیگلور کے انتخابات کے لیے کام کرنے کا تیقن یہاں پر دیا ہے۔ شہر صدر سمیت کامبڑے نے شکریہ ادا کیا۔
پوچارم پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ
یلاریڈی ۔24 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مغربی بنگال میں طوفان کے اثر سے موسلا دھار بوندا باندی سے پوچارم پراجکٹ میں آہستہ آہستہ پانی پہنچ رہا ہے ۔ پراجکٹ کے فراز علاقہ لنگم پیٹ ، گندھاری ، گنڈارام ، کونڈاپور میں بارش سے پراجکٹ کو گندھاری اور گنڈارم کی ندیوں سے بہتا آب پہنچ رہا ہے ۔ ان دو ندیوں سے پراجکٹ میں 2765 کیوسک آب ذخیرہ ہوچکا ہے ۔ جس سے خشک پراجکٹ میں اب آب نظر آرہا ہے ۔ پراجکٹ کی مکمل سطح آب 21 فیصد ہے جس میں اب تک 6.6 فیٹ آب ذخیرہ ہوا ہے ۔ محکمہ آبپاشی DEE وینکٹیشورلو نے بتایا کہ آج 2865 کیوسک آب پراجکٹ میں پہنچنے کی اُمید ہے جس سے سطح آب 7.6 ہونے کو ہے ۔ اس طرح پوچارپراجکٹ اس مرتبہ ہلکی ہلکی بارشوں سے آہستہ آہستہ اپنی سطح آب مکمل کررہا ہے ۔ جس کے بعد کسانوں نے کسی قدر راحت کی سانس لی ۔ پراجکٹ یلاریڈی اور ناگی ریڈی پیٹ دونوں منڈلوں کے کسانوں کا اہم آبی ذریعہ ہے ۔ ورنہ زراعت کا وجود خطرہ میں پڑسکتا ہے ۔