ملک میں 101دنوں میں کورونا سے ہونے والی یومیہ اموات کی تعداد سب سے کم

   

نئی دہلی، 16 جولائی (یو این آئی) ملک میں کورونا وائرس سے متعلق ایک راحت کی خبر ہے کیونکہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 542 افراد کی اموات ہوئی ہیں ، جو اس مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے 101 دن میں سب سے کم ہے ۔ اس سے قبل 6 اپریل کو ملک میں اس مہلک وائرس کی وجہ سے اموات کی تعداد پانچ سو سے کم رہی تھی۔دریں اثنا ، جمعرات کو 38 لاکھ 78 ہزار 78 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ۔ ملک میں اب تک 39 کروڑ 53 لاکھ 43 ہزار 767 افراد کوٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 38949 نئے کیسوں کی آمد کے ساتھ ہی ، متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 10 لاکھ 26 ہزار 829 ہوگئی ہے ۔