ملک میں اسکولی تعلیم مہنگی، ہر سال اضافہ سے والدین پریشان

   

آئی بی اسکولس سب سے مہنگے ، ریاستی بورڈس میں متوازن فیس
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) سرکاری سطح پر بنیادی تعلیم کی فراہمی کے انتظامات میں کمی اور معیار میں گراوٹ سے عوام خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کی طرف راغب ہونے مجبور ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک میں اسکولی تعلیم دن بدن مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔ خانگی اور خاص طور پر کارپوریٹ اسکولوں کی جانب سے ہر سال فیس میں اضافہ سے والدین اور سرپرستوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سرکاری سطح پر خانگی اسکولوں میں فیس پر قابو پانے مشنری متحرک نہیں ہے۔ اگرچہ حکومتوں کی جانب سے وقتاً فوقتاً اعلانات کیے جاتے ہیں اور مختلف ادارے اور کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں، لیکن کسی بھی سطح پر ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے تاکہ خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کی فیسوں پر قابو پایا جا سکے۔ گزشتہ دنوں مختلف سطح پر اسکولی تعلیم کی فیس پر ایک سروے کیا گیا۔ سروے میں کہا گیا کہ ریاستی سطح کے تعلیمی بورڈس اور تعلیمی معیار کے مطابق مختلف ریاستوں اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں میں اسکولی تعلیم کی فیس کا تعین کیا گیا ہے ۔ کارپوریٹ اداروں میں کورس و انفراسٹرکچر سہولتوں کے اعتبار سے فیس مقرر کی جاتی ہے۔ 2026 میں مختلف سطح پر اسکولی تعلیم کی فیس کے بارے میں جو سروے کیا گیا، اس کے مطابق ریاستی بورڈس میں سالانہ کم از کم 41 ہزار روپے فیس حاصل کی جا رہی ہے ، جبکہ آئی سی ایس ای کے اسکولوں میں سالانہ تقریباً 70 ہزار روپے تک فیس حاصل کی جاتی ہے ۔ سی بی ایس ای کے اسکولوں میں سالانہ 73 ہزار روپے فیس حاصل کی جا رہی ہے۔ کیمبرج اور آئی جی سی ایس ای کے اسکولوں میں سالانہ ایک لاکھ 46 ہزار روپے تک فیس مقرر ہے۔ آئی بی کے اسکول سب سے زیادہ مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ ان اسکولوں میں سالانہ فیس 7.15 لاکھ روپے تک ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر بنیادی سہولتوں کی کمی اور معیارِ تعلیم میں گراوٹ کے نتیجے میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور خانگی ادارے اپنی من مانی پر مجبور ہیں۔ مرکزی اور ریاستی سطح پر اقامتی اسکولوں کے قیام کے ذریعے بہتر تعلیم کی فراہمی کا نظم کیا گیا، لیکن یہ تجربہ ابھی کامیاب نہیں ہوا ہے۔ تلنگانہ میں حکومت نے ماڈل اسکولز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کے اقدامات ایک طرف ہیں، لیکن والدین اور سرپرستوں کو فیس میں کمی کے بارے میں کوئی امید دکھائی نہیں دیتی۔1