نئی دہلی : ملک میں اتوار کو اومی کرون کے مزید 5 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے اور یہ تمام بیرونی ممالک سے ہندوستان پہنچے۔ کیرالا ، آندھراپردیش اور چندی گڑھ میں اومی کرون کے پہلے کیس کی آج رپورٹ ملی ہے جبکہ مہاراشٹرا اور کرناٹک میں آج مزید ایک ایک مریض کی رپورٹ ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں اومی کرون کے کیسیس کی تعداد بڑھ کر 38 ہوگئی ہے۔ مکمل ویکسین لگوانے والا 20 سالہ شخص اٹلی سے چندی گڑھ پہنچا تھا جبکہ 34 سالہ بیرونی سیاح آئی لینڈ سے ممبئی اور پھر وشاکھاپٹنم پہنچا جو پازیٹیو پایا گیا۔ کیرالا کی وزیرصحت میناجارج نے بتایا کہ کیرالا کا ساکن حال ہی میں برطانیہ پہنچا جو اومی کرون پازیٹیو پایا گیا جس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ اسی طرح کرناٹک میں جنوبی افریقہ سے پہنچنے والا 40 سالہ شخص نئے ویرینٹ سے متاثر پایا گیا۔