حیدرآباد :۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے بی جے پی پر مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے صرف سیاسی مفادات کے لیے جمہوری اقدار کو نقصان پہونچانے کا الزام عائد کیا ۔ 72 ویں یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کیا ۔ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومت غلط فیصلے کرتے ہوئے جمہوریت کی روح کو نقصان پہونچا رہی ہیں ۔ سارے ملک میں جمہوری اصولوں کو پامال کیا جارہا ہے ۔ ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازش رچی جارہی ہے ۔ ملک کے لیے غذا تیار کرنے والا کسان دو ماہ سے سڑکوں پر ہے مگر مودی حکومت کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کر کے کارپوریٹ اداروں کے مفادات کو فائدہ پہونچا رہی ہے ۔ تین زرعی قوانین کے خلاف کانگریس پارٹی ابتدا سے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ جب کہ ٹی آر ایس دوہرا رول ادا کرتے ہوئے ایک طرف کسانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ دوسری طرف عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ زرعی قوانین کے خلاف بھارت بند کا حصہ بننے والی ٹی آر ایس نے چیف منسٹر کے دہلی دورے کے بعد اپنے فیصلہ سے یوٹرن لے لیا ہے ۔ ریاست سے دھان خریدنے کے مراکز کو برخاست کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں آمرانہ حکومت چل رہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کرتے ہوئے ریاست کو قرضوں میں مبتلا کرچکے ہیں ۔ پراجکٹس کی تعمیرات میں بڑے پیمانے پر کمیشن حاصل کرتے ہوئے اس سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی ، ٹی آر ایس اور مجلس ایک دوسرے سے خفیہ ساز باز کرتے ہوئے کانگریس کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست میں انتخابات کیسے منعقد ہورہے ہیں اس کا جائزہ لینے کا دانشوروں ، تعلیم یافتہ افراد کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے ریاست میں کانگریس کیڈر کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ کانگریس کا ریاست میں مستقبل روشن ہونے کا دعویٰ کیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے قائدین ملو بٹی وکرامارک ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، سریدھر بابو کانگریس کے قائدین میں پی لکشمیا ، پونم پربھاکر ، جی چناریڈی ، انجن کمار یادو ، ایس کے افضل الدین ، شیخ عبداللہ سہیل ، سید نظام الدین ، سید یوسف ہاشمی ، ڈاکٹر محمد سلیم ، فیروز خاں ، سید علی مرتضیٰ ، ملوروی ، جے کسم کمار ، سمپت کمار ، عظمیٰ شاکر کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔