ہیلت ورکرس کی زندگیاں کوخطرہ : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ /5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ ملک میں حفاظتی آلات کی کمی کے باعث کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے کئی ہیلت ورکرس کی زندگیاں خطرے میں پڑگئی ہیں ۔ حکومت نے کورونا وائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں ، طبی عملہ کے دیگرارکان ، صاف صفائی کرنے والے ورکرس کی صحت کا خیال نہیں رکھا ہے اور نہ ہی ان کیلئے حفاظتی آلات فراہم کئے ہیں ۔ ان کا یہ تبصرہ اُس وقت سامنے آیا جب جنوبی دہلی میں این ڈی ایم سی کے چالک پالیکا ہاسپٹل کے صفائی کرم چاری کا کورونا وائرس ٹسٹ اور دیگر عملہ کے 30 ارکان کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ۔ اس ورکرس سے ملکر کام کرنے والے تمام ارکان کو کورنٹائن کردیا گیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ عوام کو یہ نہیں بھولنا چاہئیے کہ ڈاکٹرس ، نرسیس اور صفائی کرنے والے ورکرس اپنی جان جوکھم میں ڈالکر کورونا وائرس کے خلاف لڑرہے ہیں لیکن ہمیں یہ جان کر افسوس ہوتا ہے کہ ان کیلئے حفاظتی آلات نہیں ہیں ۔