ملک میں دلت صحافیوں کا اپنا نیوز پلیٹ فارم

   

نئی دہلی : ملک کا مرکزی دھارے کا ذرائع ابلاغ بڑی حد تک ملک کے تیس کروڑ دلتوں کی نمائندگی نہیں کرتا۔ لیکن اب اس طبقہ کے لیے وقف ایک نیوز پلیٹ فارم پر دلت صحافی اپنی کہانیوں سے اس صورت حال کو بدل رہے ہیں۔ مینا کوتوال کا تعلق محنت کش خاندان سے ہے۔ وہ دارالحکومت دہلی کے ایک دلت محلے میں پلی بڑھی ہیں۔ صحافی بننے کے بعد انہوں نے ذرائع ابلاغ کے کئی بڑے اداروں کے لیے کام کیا۔ تاہم ایک نوجوان صحافی کے طور پر ان کے تجربات نے انہیں یہ احساس دلایا کہ اس میڈیا میں ہندوستانی معاشرہ کے ایک بڑے حصہ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا میں نے مرکزی دھارے کے ہندوستانی نیوز رومز میں اپنی دلت شناخت کے بوجھ کو محسوس کیا، جہاں ذات پات کا اندھا پن معمول کی بات ہے۔ اسی تفریق نے مجھے اپنا میڈیا پلیٹ فارم شروع کرنے پر مجبور کیا، جو ہندوستان کے اس معاشرہ کی خبروں پر توجہ دیتا ہے، جو ذات پات کے سبب حاشیہ پر ہیں۔ 2019 میں کوتوال نے ’موک نائک‘ کے نام سے ایک آن لائن نیوز پلیٹ فارم لانچ کیا، جس کا مطلب ہوتا ہے بے آوازوں کا لیڈر۔