بی آر ایس کا ڈمی امیدوار سیکولرازم کیلئے نقصان دہ، بائیک ریالی سے خطاب
حیدرآباد۔/11مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد ڈی ناگیندر نے سکندرآباد سے فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے کیلئے بی جے پی اور اس کا ساتھ دینے والی بی آر ایس کو شکست دینے کی عوام سے اپیل کی۔ ڈی ناگیندر نے آج حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے حدود میں شامل اسمبلی حلقوں میں بائیک ریالی منظم کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ یہ بائیک ریالی سکندرآباد کلاک ٹاور سے شروع ہوکر جوبلی ہلز میں اختتام کو پہونچی۔ مختلف مقامات پر عوام نے ریالی کا شاندار خیرمقدم کیا۔ ڈی ناگیندر نے بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات ملک کے لئے کافی اہم ہیں ، اگر بی جے پی کو کامیاب بنایا گیا تو دستور کو تبدیل کردیا جائے گا اور تحفظات ختم کردیئے جائیں گے۔ دیش ، دستور، تحفظات اور جمہوریت کو بچانے کیلئے صرف کانگریس کو ووٹ دینے کی انہوں نے عوام سے اپیل کی۔ ڈی ناگیندر نے کہا کہ بی جے پی نے ملک میں فرقہ پرستی کے ذریعہ ماحول کو خراب کردیا ہے۔ وزیر اعظم‘ منگل سوتر، پاکستان، بھگوان رام، ہندوؤں کی جائیدادیں مسلمانوں میں تقسیم کردینے اور مسلم تحفظات کو ختم کردینے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ مودی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر برقرار رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی آر ایس سکندرآباد میں رائے دہی سے قبل شکست قبول کرچکی ہے اور خفیہ طور پر بی جے پی کی تائیدکررہی ہے اور سیکولرازم کا نقاب اوڑھتے ہوئے اقلیتوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ ڈی ناگیندر نے کہا کہ ملک کیلئے بی جے پی جتنی تباہ کن ہے ریاست کیلئے بی آر ایس اتنی ہی نقصان دہ ہے۔ اسمبلی انتخابات میں ریاست کے عوام نے بی آر ایس اور بی جے پی دونوں کو سبق سکھایا ہے باوجود اس کے دونوں جماعتوں نے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے۔ اب لوک سبھا انتخابات میں بھی دونوں جماعتوں کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انڈیا اتحاد تشکیل دیتے ہوئے بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کو شکست دینے کی کوشش کررہی ہے۔ سارے ملک میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے۔ سکندرآباد میں بھی عوام بالخصوص اقلیتیں تبدیلی کی لہر کو اہمیت دیں۔ بی جے پی اور بی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے انڈیا اتحاد کو نئی طاقت فراہم کریں۔ ڈی ناگیندر نے کہا کہ ان کی 2 لاکھ ووٹوں سے کامیابی یقینی ہے اور عوام پوری طرح ان کے ساتھ ہیں۔2