ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کی تیاری : کلکٹر

   

عوام سے درست معلومات فراہم کرنے کی خواہش، نظام آباد میں تربیتی اجلاس ، عہدیداروں کو ضروری ہدایات
نظام آباد 12 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا تریپاتھی نے کہا کہ مردم شماری کی ذمہ داریوں کو مکمل درستگی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دینا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اسی کی بنیاد پر حکومت مختلف طبقات کے عوام کے لیے مستقبل میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور فلاحی اسکیمات کی منصوبہ بندی کے قابل ہوتی ہے۔ سینسس 2027 کے پیش نظر مردم شماری کے عمل میں شامل تحصیلداروں اور متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے لیے انٹیگریٹڈ ڈسٹرکٹ آفسس کمپلیکس کے اجلاس ہال میں تربیتی کلاسس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ یہ تربیتی پروگرام 13؍ مارچ تک تین دن جاری رہے گاجس میں حیدرآباد سے آئے ماسٹر ٹرینر عہدیداروں کو رہنمائی فراہم کر رہے ہیں اور پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے مردم شماری کے لیے تیاری اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق مختلف امور کی وضاحت کی جا رہی ہے۔اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر ایلا تریپاتھی نے کہا کہ ملک میں آخری مرتبہ 2011 میں مردم شماری انجام دی گئی تھی، جبکہ دراصل 2021 میں یہ عمل انجام پانا تھا لیکن کورونا وبا کی شدت کے باعث اسے مؤخر کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ حکومت کی ہدایات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے مردم شماری انجام دی جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں رہائشی مکانات سمیت تمام عمارتوں اور خاندانوں کی تفصیلات جمع کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں افراد کی شخصی معلومات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت مردم شماری انجام دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ضلع کلکٹر نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال ضلع نلگنڈہ کے تپّرتی اور بھدرا دری کوتہ گوڑم ضلع کے پناپاک منڈل میں تجرباتی طور پر گھروں اور خاندانوں کی تفصیلات جمع کرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا تھا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مردم شماری کے دوران درست معلومات فراہم کریں کیونکہ کسی بھی فرد کی تفصیلات کہیں بھی ظاہر نہیں کی جائیں گی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معلومات براہ راست سرور میں محفوظ ہوں گے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ سیلف ڈیکلریشن کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور عہدیداروں و اینیومریٹرس کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے چارج آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ مردم شماری کے عمل کا جائزہ لیں جبکہ ضلع انتظامیہ بھی مسلسل نگرانی کرے گی۔ اس پروگرام میں بودھن اور آرمور کے سب کلکٹرس وکاس مہتو اور ابھیگیان مالویہ، نظام آباد آر ڈی او راجندر کمار کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔