ملک میں کورونا وائرس سے 543 اموات،17 ہزار سے زائد متاثر

   

وباء پر قابو پانے حکومت کے مؤثر اقدامات ، اندرون 24 گھنٹے 316 افراد صحت یاب

نئی دہلی 20، اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرکے 1553 نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 36 افراد کے فوت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 543 ہو گئی ہے ۔ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی 17265 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی شامل ہیں ۔ کورونا سے متاثر افراد کے صحت یاب ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 316 افراد کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 2547 تک پہنچ گئی ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 552 کا اضافہ درج کیا گیا اور متاثرین کی مجموعی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر کے 4203 ہو گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں مزید 12 افراد کی موت کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 223 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 507 متاثرہ مریض صحت یا ب ہو چکے ہیں ۔کورونا متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 110 نئے کیسز درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 2003 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران مزید تین افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 45 ہو گئی ہے ۔ دارالحکومت میں مجموعی 72 مریضوں کو علاج کے بعد ہاسپٹل سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے ۔ وہیں راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 127 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثری کی تعداد بڑھ کر 1478 ہو گئی ۔ ریاست میں انفیکشن سے تین مزید افراد کے ہلاک ہونے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے ۔تمل ناڈو میں 105 نئے کیسز کی اطلاع ہے۔ مدھیہ پردیش میں متاثرین کی تعداد 1407 ہے اور ریاست میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی کوئی اضافہ درج نہیں کیا گیا ہے اور یہ 70 پر برقرار ہے ۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں انفیکشن کے 115 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1084 ہو گئی ہے اور مزید تین افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک ہونے ولوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے ۔ تلنگانہ میں اس دوران 35 نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرین کی مجموعی تعداد 844 ہو گئی ۔ ریاست میں اس وبا سے مجموعی 18 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ کیرالہ میں 402 افراد متاثر ہوئے ہیں اور تین اموات ہوئی ہیں ۔ آندھرا پردیش میں 646 اور کرناٹک میں 390 افراد متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 15 اور 16 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 350 ہے اور پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 16، مغربی بنگال میں 12، ہریانہ میں تین، جھارکھنڈ اور بہار میں دو دو اور میگھالیہ، اڈیشہ ، ہماچل پردیش اور آسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔