مہاراشٹرا میںسب سے زیادہ 32 مریض ۔ عوام سے خوفزدہ نہ ہونے مرکزی حکومت کی اپیل
نئی دہلی 15 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد اب بڑھ کر 107 ہوگئی ہے جبکہ مہاراشٹرا میں یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جہاں آج 12 نئے مریضوں کا پتہ چلا ہے ۔ مرکزی وزارت صحت نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اس تعداد میں ان دو مریضوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کرناٹک ( گلبرگہ ) اور دہلی میں فوت ہوئے ہیں۔ سعودی عرب سے حال ہی میں واپس ہونے والے ایک 76 سالہ شخص کا گلبرگہ میں انتقال ہوگیا تھا جبکہ دہلی میں ایک 68 سالہ خاتون کا رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں جمعہ کو انتقال ہوگیا تھا ۔ دہلی میں سات مثبت کیسیس کا پتہ چلا ہے جبکہ اب تک اترپردیش میںکورونا وائرس کے 11 مریض پائے گئے ہیں۔ اسی طرح کرناٹک میں چھ مریض ہیں ‘ مہاراشٹرا میں یہ تعداد 32 ہوگئی ہے جبکہ لداخ میں تین اور جموں میں دو مریض پائے گئے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے تین مریضوں کی توثیق ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ راجستھان میں دو ‘ ٹاملناڈو ‘ آندھرا پردیش اور پنجاب میں ایک ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے ۔ کیرالا میں جملہ 22 کیسیس پائے گئے ہیں جن میں تین مریض بھی شامل ہیں جنہیں گذشتہ مہینے فلو جیسی علالت سے صحتیابی کے بعد دواخانہ سے گھر بھیج دیا گیا تھا ۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ہندوستان میں جملہ مریضوں میں 17 بیرونی شہری بھی شامل ہیں جن میں 16 اطالوی سیاح اور کنیڈا کا ایک شہری بھی شامل ہے ۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلہ پر خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ اب تک کی جانچ پڑتال سے معلوم ہوا ہے کہ مقامی سطح پر ایک سے دوسرے کو اس وائرس کی منتقلی بہت معمولی ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں فی الحال کوئی ہیلت ایمرجنسی نہیں ہے ۔ عالمی تنظیم صحت کی جانب سے اسے ایک بڑی وباء قرار دئے جانے کے بعد وزارت صحت نے کہا کہ اس وائرس کے 93 مریضوں سے رابطے میں آنے والے 4000 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔