ملک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 7154 سے متجاوز

   

نئی دہلی، 12 جون (یو این آئی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا انفیکشن کے متاثرین میں کمی آئی ہے ، جبکہ جمعرات کی صبح 8 بجے تک 33 نئے متاثرین سامنے آنے کے ساتھ ہی زیر علاج مریضوں کی کل تعداد 7154 تک پہنچ گئی ہے ۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مہاراشٹر میں دو اور مدھیہ پردیش میں ایک مریض کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہوئی ہے، جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 77 ہو گئی ہے ۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق، متاثرین میں اضافہ اس انفیکشن کی نئی ابھرتی ہوئی اقسام، بالخصوص ایف ایف.7، ایکس ایف جی،جے این.1 اور حال ہی میں شناخت شدہ این بی.1.8.1 ذیلی اقسام کی وجہ سے ہے ۔ یہ اقسام فی الحال زیر تفتیش ہیں۔ ابتدائی رجحانات سے انفیکشن کے بڑھتے ہوئے امکان کی طرف اشارہ ملتا ہے ، حالانکہ اس مرحلے میں اسپتال میں داخل ہونے کی شرح نسبتاً کم ہے ۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کیرالہ میں سب سے زیادہ کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ملک کی 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فعال کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔ جن میں سے کیرالہ، دہلی، گجرات، کرناٹک، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں متاثرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔