کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل، محبوب نگر میں چیرمین ایم ایف سی عبید اللہ کوتوال کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔ 28 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کے بی جے پی اور بی آر ایس کے امیدواروں کی سیاسی زندگی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ ان خیالات کا اظہار عبید اللہ کوتوال چیرمین ریاستی ایم ایف سی نے کیا۔ وہ ضلع کانگریس دفتر میں پریس کانفرنس سے مخاطب تھے۔ کانگریس کو چھوڑ کر عہدہ حاصل کرنے کے لئے کانگریس کو ہی تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست کو لوٹنے والوں کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ عوام سے ووٹ کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کی کہ مذہبی منافرت پیدا کرکے ووٹ حاصل کرکے اقتدار پر آنا چاہتی ہے۔ اب یہ دور ختم ہوچکا ہے عوام اس کو ختم کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ بی آر ایس نے 10 سال میں ہمارے ضلع کے لئے کیا کیا؟ اب عوام کا بھروسہ صرف کانگریسی امیدوار ومشی چندر ریڈی پر قائم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلا لحاظ مذہب عوام متحدہ طور پر کانگریس کو ووٹ دے کر تاریخی جیت سے ہمکنار کریں گے۔ ریاستی کانگریس ترجمان ہرشا وردھن ریڈی نے کہا کہ کانگریس اقتدار کے بعد ریاست کی جی ایس ڈی پی میں واضح اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ سینئر قائد و نامور ایڈوکیٹ این پی وینکٹیش نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد بی آر ایس کا وجود ہی ختم ہو جائے گا۔ اجلاس سے میونسپل چیرمین آنند گوڑ نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر ظہیر اختر، لکشمن یادو، عظمت علی، اویس احمد، بالا سوامی و دیگر نے بھی کانگریسی امیدوار ومشی چندریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔