ملک وریاست کیلئے ہوم گارڈس کی خدمات قابل قدر

   

کاماریڈی میں یوم تاسیس پروگرام سے ضلع ایس پی کا خطاب ‘ اسناد و انعامات کی تقسیم
کاماریڈی:6 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر میں 63 واں ہوم گارڈس یومِ تاسیس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں ضلع ایس پی مسٹر ایم۔ راجیش چندرا نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے پریڈ کی سلامی لی اور ہوم گارڈس کے دستے کا معائنہ کیا۔ ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے اس موقع پر تمام ہوم گارڈس اہلکاروں کو یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہوم گارڈس ملک اور ریاست میں امن و قانون کی برقراری، ہنگامی حالات کے تدارک، ٹریفک نظم و نسق اور آفاتِ سماوی میں جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ انتہائی قابلِ قدر اور ناقابلِ فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1946 میں بمبئی سے شروع ہونے والی ہوم گارڈس تنظیم نے 1962 کی چین جنگ کے بعد ملک گیر سطح پر ایک منظم رضاکار فورس کی شکل اختیار کی، جو آج پولیس، دفاعی اداروں اور ڈزاسٹر مینجمنٹ کے ساتھ مل کر اہم ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے بتایا کہ ضلع میں ہوم گارڈس کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں ریاست میں وفات پانے والے 23 ہوم گارڈس کے لواحقین کو 1.15 کروڑ روپے جاری کیے گئے، جب کہ کاماریڈی کے مرحوم ہوم گارڈ (HG-247) جی۔ سرینواس کے خاندان کو پانچ لاکھ روپے جلد حوالے کیے جائیں گے۔ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے مزید بتایا کہ ہوم گارڈس کے لیے ایچ ڈی ایف سی اور ایکسس بینک کے اشتراک سے 33 لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس، 10 ہزار روپے او پی علاج، دو فری فل باڈی چیک اپ واؤچرز اور اہلِ خانہ کے لیے خصوصی طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت انتخابات، سی سی ٹی این ایس، رائٹرز کام، ڈزاسٹر مینجمنٹ اور سیلابی ریسکیو جیسے حساس محاذوں پر ہوم گارڈس نہایت مستعدی کے ساتھ خدمات پیش کر رہے ہیں، جو پولیس محکمہ کے وقار میں اضافہ کا سبب ہے۔ڈسپلن اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہوم گارڈس اہلکاروں کو ایس پی نے اسنادِ ستائش پیش کر کے مبارکباد دی۔ پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی (ایڈمن) مسٹر کے۔ نرسمہا ریڈی، اے ایس پی کاماریڈی مسٹر بی۔ چیتنیا ریڈی، اسپیشل برانچ انسپکٹر مسٹر این۔ مدھوسودھن، آر آئیز مسٹر این۔ کرشنا، مسٹر نوین، مسٹر سنتوش کمار، آر ایس آئیز اور بڑی تعداد میں ہوم گارڈس نے شرکت کی۔