مسجد کے باہر مجلسی کارپوریٹر چھاؤنی اور حامیوں کی ہنگامہ آرائی ۔ مجلس کو شکست کا خوف‘ شیخ اکبر
حیدرآباد 3 نومبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے کانگریس امیدوار جناب شیخ اکبر کو آج بھی بعد نماز جمعہ مجلسی کارکنوں کی جانب سے عوام سے ملاقات سے روکنے کی کوشش کی گئی جبکہ گذشتہ جمعہ کو بھی مسجد اکبری اکبر باغ کے باہر ان کے خلاف نعرے لگائے گئے تھے۔ مسجد ایوبی مادنا پیٹ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کانگریسی امیدوار جناب شیخ اکبر مصلیان سے ملاقات کررہے تھے کہ اچانک کارپوریٹر چھاؤنی عبدالسلام شاہد اپنے 20تا25 حامیوں کے ساتھ پہنچ کر ان کے خلاف ہنگامہ کرنے لگے اور مسجد کے باہر مصلیوں سے ملاقات پر بدزبانی کرکے گالی گلوچ شروع کردی ۔ جناب شیخ اکبر کے ہمراہ اس موقع پر جناب مظفر علی خان انچارج حلقہ ملک پیٹ و دیگر موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مصلیوں سے ملاقات پر اعتراض کرکے مجلسی کارپوریٹر نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس امیدوار پر حملہ کی کوشش کی اور اس دوران کانگریس اور مجلس کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی کی بھی شکایت موصول ہوئی ۔ گذشتہ جمعہ کو کانگریس امیدوار جناب شیخ اکبر نے مسجد اکبری میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مصلیوں سے ملاقات کی تھی جہاں ان کے خلاف نعرہ بازی کرنے کی کوشش پر مقامی عوام نے مسجد کا تقدس برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے مجلسی کارکنوں کو وہاں سے بھگا دیا تھا۔مسجد ایوبی کے باہر آج پیش آئے واقعہ کی شیخ اکبر نے مادنا پیٹ پولیس کے علاوہ ڈی سی پی ‘ کمشنر اور متعلقہ انتخابی عہدیداروں کے علاوہ چیف الکٹورل آفیسر و الیکشن کمیشن آف انڈیا کو تحریری شکایت روانہ کی ہے۔انہوں نے اس واقعہ کے بعد ساتھی قائدین و کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکتوں سے انہیں خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا ۔ شیخ اکبر نے بتایا کہ وہ جمہوری انداز میں انتخابی مقابلہ کر رہے ہیں لیکن اگر اس طرح کی حرکتیں جاری رہی تو وہ اس کا قانون کے دائرہ میں جواب دیں گے ۔ انہوں بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجلسی قائدین اور کارکن مساجد کو اپنی جاگیر تصور کر نے لگے ہیں اور مساجد میں عام مسلمانوں کو جو ان سے اختلاف رکھتے ہیں برداشت نہیں کرپا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دو جمعہ سے پیش آنے والے واقعات سے یہ بات ظاہر ہوچکی ہے کہ مجلس کو ابھی سے شکست کا خوف ستانے لگا ہے اسی لئے وہ جمہوری طرز پر مقابلہ کے بجائے حریف امیدوار کو عوام میں پہنچنے سے روکنے کی کوشش کرنے لگے ہیں۔ کانگریس قائد کی شکایت میں کہاگیا کہ چھاؤنی کارپوریٹر کے ہمراہ ‘ یابا‘ شیرا‘ محمد امجد‘ اجو لیڈر‘ آصف لالہ ‘ منصور علی خان‘ محمد وجیہ الدین سلمان کے علاوہ دیگر نے مسجد کے باہر حملہ کی کوشش کرکے گالی گلوچ کی جس سے کچھ دیر کیلئے مسجد کے باہر بدنظمی پھیل گئی ۔ کانگریس امیدوار ملک پیٹ نے ارباب مجاز سے ان عناصر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔