نئی دہلی: ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں کے درمیان ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شدید سے اوسط بارش کی پیش گوئی کی ہے۔مانسون کی وجہ سے پہاڑی ریاستوں سے لے کر ملک کی میدانی ریاستوں تک تمام ندی نالے لبریز ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ لوگوں کو جان و مال کے نقصان سے بچانے کے لیے حکومت نے سکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پانچ سے چھ روز میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ بارش اور بادلوں کے باعث موسم خوشگوار رہے گا اور درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش کے 9 اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ریاست میں درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بھاری بارش اور بادل پھٹنے کی وجہ سے ہماچل پردیش کے کئی اضلاع پہلے ہی سیلاب کی زد میں ہیں اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر اکے کئی اضلاع کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ سمیت پوری ریاست میں بارش ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانے کے اضلاع میں بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا۔پہاڑوں پر ہونے والی بارشوں کے باعث ملک بھر کے تمام دریاؤں میں طغیانی ہے۔ دہلی میں جمنا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔
آرمی چیف منوج پانڈے کا سیاچن کا دورہ
لداخ : فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے نے جمعرات کو سیاچن گلیشئر کا دورہ کیا اور وہاں پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ دنیا کے بلند ترین مقا م پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے
وا لے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کے روز فوجی سربراہ جنرل منوج پانڈے نے سیاچن کا دورہ کیا اور وہاں پر فوجی تیاریوں کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ انتہائی مشکل حالات اور سخت ترین موسمی صورتحال کے باوجود بھی فوجی اہلکار اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
