ملک کی سلامتی میں سیاسی اختلافات کی کوئی جگہ نہیں ‘ دفاعی امور میں تلنگانہ کا اہم کردار

   

وقار آباد میں بحریہ کے راڈار اسٹیشن کی سنگ بنیاد تقریب ۔ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ‘ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دوسروں کا خطاب

حیدرآباد 15 اکٹوبر(سیاست نیوز) سیاسی اختلافات کی ملک کی سلامتی میں کوئی جگہ نہیں اور اس معاملہ میں تلنگانہ کا کلیدی کردار ہے۔ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج وقار آباد میں ویری لو فریکیونسی نیوی راڈر اسٹیشن کے قیام کیلئے سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ دفاع میں مواصلاتی نظام اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور اس نظام کو بہتر بنانے میں یہ وی ایل ایف مرکز بحریہ کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ بھارت رتن اے پی جے عبدالکلام کی یوم پیدائش پر حیدرآباد سے75کیلو میٹر کی دوری پر وی ایل ایف اسٹیشن کے قیام کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے حیدرآبادکی دفاعی نظام کو مستحکم بنانے میں شراکت داری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی آلات کی تیاری میں حیدرآباد کے مراکز کا اہم کردار رہا ہے جو ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں تیار دفاعی آلات و دیگر دفاعی مصنوعات نے ملک کے دفاعی نظام کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ وزیر دفاع نے نیوی راڈر اسٹیشن کو آلودگی کیلئے کسی طرح کا خطرہ نہ ہونے کی ضمانت دی اور کہا کہ کچھ لوگ اسے ماحولیات کیلئے خطرہ قرار دے کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں لیکن اس اسٹیشن سے ماحولیات کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا ۔ مرکزی حکومت خود ماحولیات کے تحفظ کے اقدامات کر رہی ہے اور ایسے میں وزارت دفاع سے ماحولیات کو نقصان پہنچانے کوئی اقدامات نہیں کئے جائیں گے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت کے تعاون سے قائم ہونے والے اس مواصلاتی اسٹیشن سے بحریہ کے مواصلاتی نظام میں استحکام پیدا ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ بحریہ پر کنٹرول اور قبضہ ملک کی حفاظت اور استحکام میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ہندوستانی افواج‘ بحریہ ‘ فضائیہ میں ٹکنالوجی کے استعمال پر کہا کہ دنیا بھر میں ہندوستان کی تینوں افواج میں بہترین ٹکنالوجی کا استعمال کیا جا رہاہے۔ وزیر دفاع نے تیقن دیا کہ اگر اس راڈر اسٹیشن کیلئے کوئی متاثر ہورہا ہے تو اس کی بازآبادکاری کیلئے مرکز سے اقدامات کئے جائیں گے لیکن جہاں تک ان کے علم میں بات ہے اس کے قیام سے عوام متاثر نہیں ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس راڈر اسٹیشن سے ملک کے دفاعی نظام کو استحکام حاصل ہوگا۔ سنگ بنیاد تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ مرکزی وزیر کانکنی جی کشن ریڈی ‘مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے ‘ ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو‘ کونڈا سریکھا ‘ رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی ‘ اسپیکر اسمبلی گڈم پرساد کمارکے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ حیدرآباد ہندوستانی دفاعی نظام کو مستحکم کرنے میں ایک اور اہم سنگ میل طئے کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں پہلے سے ہی کئی اہم دفاعی تنصیبات ہیں جن میں دفاعی آلات کی تیاری اور این ایف سی جیسے مراکز شامل ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ بعض لوگ وی ایل ایف راڈر اسٹیشن کے قیام پر سیاست کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1990 میں اسی طرح کا اسٹیشن ٹاملناڈو میں قائم کیاگیا لیکن کوئی ماحولیاتی نقصان نہیں ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ پیشرو حکومت نے اراضی کی حوالگی اور تخصیص کے اہم فیصلے کئے اور پراجکٹ فنڈس کے متعلق بھی اقدامات کئے گئے اس کے بعد جب ریاست میں اقتدار تبدیل ہوا تو وزیر دفاع نے پراجکٹ کے سلسلہ میں ان سے بات کی ۔ موجودہ حکومت نے فوری اس کیلئے حامی بھرکے محکمہ دفاع کو پیشرو حکومت کے فیصلہ کے مطابق اراضی حوالہ کی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اس پراجکٹ پر سیاست کرنے والوں کو ملک کی سالمیت کے متعلق غور کرنا چاہئے اور انہیں دفاعی تنصیبات پر اعتراضات سے گریز کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ملک کے دفاع میں اپنا واضح نظریہ رکھتی ہے اور اس پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔انہو ںنے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ میں جو باتیں کی جا رہی ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ملک کے تحفظ کی فکر کریں کیونکہ ملک باقی رہے گاتو ماحولیات کے تحفظ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس پراجکٹ کے قیام پر محکمہ دفاع نے مرکز کے تعلیمی ادارہ جات میں ایک تہائی مقامی طلبہ کو داخلوں کا وعدہ کیا ہے اور حکومت تلنگانہ ایسے ترقیاتی پراجکٹس کے ذریعہ نہ صرف ریاست اور مرکز کے مابین تعلقات کو مستحکم کر رہی ہے بلکہ عوام کی ترقی کیلئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ بحریہ چیف مسٹر ڈی کے ترپاٹھی نے کہا کہ تلنگانہ میں اس وی ایل ایف راڈس اسٹیشن کے قیام سے کوئی ماحولیاتی آلودگی کا خدشہ نہیں ہے کیونکہ ٹاملناڈو میں ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ اسٹیشن کئی برسوں سے کام کر رہا ہے ۔3