’ملک کی پنچایتوں کو راجیو گاندھی نے مستحکم کیا ‘

   

آنجہانی وزیراعظم نے ہندوستان کو 21ویں صدی میں لے جانے کی بنیاد رکھی : اجے رائے

وارانسی:20اگست(یواین آئی)ہندوستان کے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیوگاندھی کی جینتی کے موقع پر چہارشنبہ کو کانگریس ریاستی صدر اجئے رائے کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے میدان گن چوراہے پر واقع بھارت رتن راجیو گاندھی کے مجسمے پر گلپوشی کی اور ترنگا پگڑی پہنا کر ان کی جینتی منائی۔رائے نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی کی یوم پیدائش کاشی کی روایت کے مطابق منائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی نے ملک کے نوجوانوں کے لیے اہم کام کیا۔ انہوں نے پنچایتوں، بلاکس اور گاؤں کے سربراہوں کو بااختیار بنایا اور انہیں حقوق دیے ۔جدید ہندوستان کے معمار، بھارت رتن اور سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کو “سدبھاونا دیوس” کے طور پر منایا گیا۔ انہوں نے ہندوستان کو 21ویں صدی میں لے جانے کی بنیاد رکھی اور کمپیوٹر، ٹیلی کام، پنچایتی راج نظام اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے میدان میں تاریخی کام کیا۔اس موقع پر “13 دن، 13 بلاکس: کانگریس کی 100 وارڈ پد یاترا” بھی شروع کی گئی۔ ریاستی صدر نے پارٹی پرچم لہرا کر اس پد یاترا کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کال بھیرو بلاک سے شروع ہونے والی پد یاترا میں شامل ہو کر عوام سے بات چیت کی۔رائے نے کہا، “جدید ہندوستان کے علمبردار، ‘بھارت رتن’ سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر، میں ان کو سلام کرتا ہوں۔ آج، سدبھاونا دیوس پر، ہم ان کے خوابوں کو یاد کرتے ہیں اور ان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ کانگریس پارٹی ان کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔