ملک کی پوری آبادی کو ویکسین دینے کا فیصلہ مرکزی حکومت کرے گی

   

تاہم دہلی حکومت اس معاملہ میں مرکز سے متفق نہیں، دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی وضاحت

نئی دہلی : حکومت دہلی نے آج ایک مثبت اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی حکومت سے کووڈ۔19 کی ویکسین دستیاب کروائی جاتی ہے تو اس صورت میں پورے دہلی شہر کی آبادی کو ویکسین سربراہ کی جائے گی ۔ تاہم ویکسین ہر شہری کو دی جائے یا نہیں اس کا فیصلہ مرکز میں حکومت کرے گی ۔ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مرکزی حکومت سے اس معاملہ میںمتفق نہیں ہے جس کے ہیلتھ سکریٹری نے کل یہ بیان دیا تھا کہ مرکزی حکومت نے کبھی بھی پورے ملک کوویکسین دینے کی بات نہیں کہی ۔ ہمارا ماننا ہیکہ اگر ویکیسن کامیاب ہوتی ہے تو اس صورت میں اسے شہر شہری کو دیا جانا چاہیئے ۔یہ مرکزی حکومت کا فیصلہ ہوگا کہ آیا ویکسین ہر شہری کو دی جائے ۔ ستیندر جین نے آج یہ بات کہی ۔ یاد رہے کہ برطانیہ نے فائزر اور بائیون ٹیک سے ویکسین کی معاملت کرلی ہے اور ویکسین دیئے جانے کا سلسلہ آئندہ ہفتہ سے شروع ہورہا ہے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مسٹر جین نے کہا کہ ویکسین دستیاب ہونے پر اگر مرکزی حکومت اسے دہلی کو دیتی ہے تو اندرون تین تا چار ہفتہ دہلی کی پوری آبادی کو ویکسین سے استفادہ کروایا جائے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہے کہ کل مرکزی معتمد صحت راجیش بھوشن نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ مرکزی حکومت نے پورے ملک کو ویکسین دیئے جانے کی بات کبھی نہیں کہی ، البتہ ویکسین جن جن کو دیا جانا ہے ان کی ترجیحی فہرست تیار کرلی گئی ہے اور اس فہرست میں ہیلتھ کیئر پروفیشنلز پولیس اور مسلح افواج کے اہلکار اور ایسے افراد جن کی عمر 50سال سے زائد ہو ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سوال ہنوز ایک سوال ہے کہ ایسے افراد جو کورونا سے متاثر ہوئے اور جنہوں نے اینٹی باڈیز بنائی ، کو ویکسین دیا جائے گا یا نہیں ۔ مرکز ویکسین کی دستیابی کے ساتھ ہی اس کی تقسیم کے انتظامات کی تیاری کررہا ہے ۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتہ ہی وزیراعظم نے ان تین لیباریٹریز کا دورہ کیا تھا جہاں کووڈ ویکسین تیار کی جارہی ہے ۔ دورہ کا مقصد وزیراعظم کو ویکسین کی تیاری کے مختلف مراحل سے واقف کروانا تھا اور یہ بات بھی تفصیلی طور پر انہیں بتائی گئی کہ ملک کی پوری آبادی کو ویکسین دینے کیلئے کن چیلنجز اور تیاریوں کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔ حالانکہ اس وقت ساری دنیا میں ویکسین کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور ہر ملک یہ دعویٰ کررہا ہے کہ ویکسین کی تیاری آخری مراحل میں ہے جبکہ حالیہ دنوں میں ریاست بہار میں انتخابی مہم کے دوران ووٹرس کو مفت ویکسین دیئے جانے کے وعدے بھی کئے گئے جس پر کافی تنازعہ پیدا ہوا تھا لیکن رات گئی بات گئی کی طرح اسے بھلا دیا گیا لیکن عوام آج بھی ویکسین کے منتظر ہیں جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ جتنے منہ اتنی باتیں اور ویکسین کو لیکر تو ایسی ایسی باتیں کی جارہی ہیں کہ عوام کا گمراہ ہونا یقینی ہے لیکن بھلا ہو حکومت ہند کا کہ اس نے اب تک ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے جس سے ہندوستان کے عوام کسی خوش فہمی یا غلط فہمی میں مبتلا ہوجائیں ۔