ملک کے 9 شہروں کو حیدرآباد کے طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ

   

تحقیق و ترقیاتی امور اور تعلیمی شعبہ پر توجہ، مرکزی بجٹ میں وزیر فینانس کی وضاحت

حیدرآباد: ملک کے 9 شہروں کو حیدرآباد کے طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر فینانس نے اپنے بجٹ میں اس بات کی صراحت کی ہے کہ ہندستان کے 9شہروں کو ’حیدرآباد ماڈل‘ کے طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے تاکہ ان شہروں کو بھی تحقیق و ترقیاتی امور کے علاوہ تعلیمی میدان میں ترقی فراہم کی جاسکے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ حیدرآباد ماڈل کو اختیار کرتے ہوئے ملک کے دیگر 9 شہروں کو ترقی دی جائے گی اور اس کی تفصیلات کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد میں جہاں انفارمیشن ٹکنالوجی ‘ ادویات سازی ‘ ٹیکوں پر تحقیق اور ان کی پیداوار کے علاوہ اعلیٰ تعلیم کے لئے تعلیمی اداروں کے قیام کے ساتھ مرکزی یونیورسٹیوں کے قیام سے کافی ترقی ہوئی ہے اسی طرز پر ایک منصوبہ تیار کرتے ہوئے ملک کے 9شہروں میں مرکزی حکومت کی جانب سے مرکزی جامعات کے قیام ‘ ادویات سازی کی تحقیق و پیداوار ‘ ٹیکوں کی تیاری کی سہولتوں کی فراہمی ‘ انفارمیشن ٹکنالوجی کے فروغ کے علاوہ دیگر امور کے لئے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی تاکہ ہندستان میں حیدرآباد کی طرح دیگر شہروں میں بھی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مرکزی وزیر فینانس کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کے طرز پر ملک کی دیگر ریاستوں میں موجود 9 شہروں میں ایسے تعلیمی ادارو ںکے قیام کی راہ ہموار کی جائے گی جن میں مختلف عصری علوم سے متعلق کورسس موجود رہیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ طبی میدان میں تحقیق اور ایجادات کے سلسلہ میں انفراسٹرکچر کی تیاری کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں ترقیاتی امور کا جائزہ لینے کے بعد ہی مرکزی حکومت نے ملک بھر میں 9 شہروں کے انتخاب کے ذریعہ انہیں حیدرآباد ماڈل کی ترقی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔حیدرآباد میں حالیہ عرصہ کے دوران ٹیکنالوجی ‘ادویات سازی اور دیگر صنعتوں کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے علاوہ حیدرآباد میں موجود مرکزی جامعات اور تعلیمی ادارو ںسے فارغ ہونے والوں کے کارناموں کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے ’حیدرآباد ماڈل ‘ کی ترقی کو اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔