ملک کے اقلیتی کمیشنوں کا مارچ میں حیدر آباد میں اجلاس

   

تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا فیصلہ، محمد قمرالدین کا بیان
حیدرآباد ۔5۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا 26 واں ماہانہ اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدرنشین بی شنکر لوکے علاوہ ارکان جی نوریا ، سریندر سنگھ اور ایم اے عظیم کے علاوہ کمیشن کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ صدرنشین نے اجلاس کو بتایا کہ مارچ کے آخری ہفتہ میں ملک کے تمام اقلیتی کمیشنوں کے صدورنشین اور ارکان کی دو روزہ کانفرنس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ اجلاس نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس سلسلہ میں حکومت کو اطلاع دی جائے اور منطوری حاصل کی جائے۔ صدرنشین کمیشن محمد قمرالدین نے بتایا کہ 3 جنوری 2018 تا 31 ڈسمبر 2019 ء کمیشن کو 1004 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 862 کی یکسوئی کردی گئی۔ یکم جنوری تا 5 فروری 49 درخواستوں میں 20 کی یکسوئی کردی گئی ۔ اس طرح جملہ 1053 درخواستوں میں 882 درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی۔ رکن کمیشن جی نوریا نے صدرنشین سے درخواست کی کہ جنرل مانک شاہ کے نام پر کسی ایک سڑک کو موسوم کرنے کیلئے حکومت سے درخواست کی جائے ۔