ملک کے سنگین حالات میں ’’کورونا سپاہیوں‘‘ کی خدمات قابل قدر

   

کاماریڈی میں جلسہ و تہنیت کی پیشکشی ، سابق وزیر محمد علی شبیر کا خطاب ، کانگریس کارکنوں سے بھی اظہارتشکر

کاماریڈی ۔ 16 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوویڈ 19 کے موقع پر لوگ ایک دوسرے کے قریب جانے سے گھبرا رہے تھے ایسے وقت کانگریس پارٹی کے کارکن کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھتے ہوئے عوامی خدمت کو نصب العین سمجھ کر متاثرہ افراد کی خدمت کے علاوہ عوامی خدمات کو انجام دینے والے کورونا واریئرس (کورونا سپاہی ) کو آج شبیرعلی فاؤنڈیشن کی جانب سے اُن کی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی ۔ محمد علی شبیر نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ 19 ایک سنگین مرحلہ تھا بھائی بھائی سے گھبرا رہا تھا اور ایک دوسرے کے قریب جانے سے گریز کررہے تھے ۔ دولت رکھنے کے باوجود بھی یہ دولت کسی کام کی نہیں تھی ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے اچانک فیصلے سے ملک دہل گیا اور لاکھوں افراد پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے تو غیرمقامی افراد اپنے آبائی مقامات کو جانے کیلئے انتہائی مشکلات کا سامنا کررہے تھے ۔ غریبوں کے لئے فاقہ کشی کے سواء کوئی راستہ نہیں تھا ، ان حالات کا جائزہ لینے کے بعد کانگریس پارٹی نے ان کی امداد کے لئے آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے کارکنوں کو راحت کاری کے کاموں کو انجام دینے کی اپیل کی تھی جس پر شبیر علی فاؤنڈیشن نے کاماریڈی حلقہ میں الگ الگ طورپر کام کو انجام دیتے ہوئے قومی شاہراہ پر مسافروں کیلئے کھانے کا انتظام اور ٹرانسپورٹ کا انتظام انجام دیا تو دواخانوں میں مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے اور مہلوکین کی تجہیز و تکفین اور غریبوں کیلئے راشن پیاکیجس کے علاوہ دیگر کئی کاموں کو انجام دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کیلئے سلینڈرس فراہم کئے گئے اور یہ سارے کام خدمتِ خلق سمجھ کر انجام دیئے گئے۔ مسٹر شبیر علی نے کہاکہ ایک اپیل پر میرے کارکن اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر یہ کام انجام دیا ۔ ضلع کانگریس صدر کے سرینواس نے 60 دنوں تک سرکاری دواخانہ میں مریضوں کی پی پی کٹ پہن کر خدمات انجام دی اور کھانا فراہم کیا تو ٹاؤن کانگریس صدر قومی شاہراہ پر مسافروں کو کھانا کھلایا ۔ سید انور احمد ، محمد مقصود ایڈوکیٹ ، محمد سرور ، محمد کریم ، نواز خاں کے علاوہ دیگر نے الگ الگ طورپر کام کیا ۔ عبدالحفیظ ہاشمی وکیل نے میتوں کو غسل دینے سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے ۔ انھوں نے کانگریس پارٹی کے کارکنوں سے ان کی اپیل پر کام کرنے پر اظہارتشکر بھی کیا ۔ اس جلسہ میں صدر کانگریس کے سرینواس کے علاوہ پی راجو ، سید انور احمد ، محمد مقصود ایڈوکیٹ ، سید عبدالحفیظ ہاشمی وکیل ، محمد نواز خان ، محمد کریم ، محمد عبدالمجید ، محمد غازی ، گنگادھر پی آر اوز محمد اسحق شیرو کے علاوہ دیگر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شال پوشی کی اور مومنٹو پیش کیا گیا ۔