ملک کے عوام سکیورٹی فورسیس میں یقین رکھیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں

   

پاکستان دہشت گردی کا دوسرا نام ، جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب

ایوت مل؍ دھولے (مہاراشٹرا)۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کیلئے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ملک کے عوام سے خواہش کی کہ وہ ملک کی سکیورٹی فورسیس میں یقین رکھتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کریں۔ مودی نے کہا کہ اس حملے کے خاطیوں کو سزائیں دینے کیلئے سکیورٹی فورسیس کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے۔ ایوت مل ضلع میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی علامت بن گیا ہے۔ وزیراعظم نے ضلع میں کئی پراجیکٹس کا افتتاح انجام دیا۔ مودی نے پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقسیم کے بعد وجود میں آنے والا ملک دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ یہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے اور اب وہ دہشت گردی کا دوسرا نام بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں جو کچھ ہوا، اس کے لئے سارا ملک غم زدہ ہے۔ پلوامہ میں شہید ہونے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

یہ حملہ کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہونچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس حملے کے مجرمین کو سزائیں دینے کیلئے فوج کو مکمل اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔ وہ ملک کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور سکیورٹی فورسیس میں یقین رکھیں۔ ہماری افواج ہی یہ فیصلہ کریں گی کہ حملہ آوروں کے خلاف کب، کہاں اور کس طرح کی کارروائی کی جانی چاہئے۔ شمالی مہاراشٹرا کے دھولے میں بھی کئی ترقیاتی پراجیکٹس کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم نے یہی خیالات کا اظہار کیا۔ مودی نے کہا کہ ہم سب پلوامہ شہیدوں کے خاندانوں کی تکلیف کو سمجھتے ہیں۔ ہم ان کی برہمی کو بھی سمجھتے ہیں۔ پلوامہ میں جمعرات کو سی آر پی ایف قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 40 جوان مارے گئے تھے اور کئی دوسرے زخمی ہوئے تھے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اپنی حکومت کی اسکیمات اور کارکردگی کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ 20 مارچ 2014ء کو ایوت مل کے اپنے دورہ کے موقع پر انہوں نے چائے پر چرچہ میں حصہ لیا تھا اور کئی اُمور پر بات چیت ہوئی تھی۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ان وعدوں اور تیقنات کو ممکنہ حد تک پورا کرنے کی کوشش کی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کے تحت ملک کے 1.25 کروڑ کسان خاندانوں کو سالانہ 6,000 روپئے کی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقومات کسانوں کے کھاتوں میں 3 قسطوں میں جمع کروائی جائے گی۔ مودی نے عوام سے کہا کہ جس طرح انہوں نے 2014ء میں ایک مستحکم حکومت کیلئے ووٹ دیا تھا ، اسی طرح آئندہ عام انتخابات میں بھی مستحکم حکومت منتخب کریں۔