وزیر زراعت، کسان بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان 30 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں رقومات منتقل کریں گے
نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) زراعت، کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان پیر کے روز راجستھان کے جھنجھنو میں منعقد ہونے والے قومی پروگرام میں پی ایم فصل بیمہ اسکیم کے تحت 30 لاکھ کسانوں کو بیمہ کے دعووں پر منظور شدہ رقم براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کریں گے ۔اس اسکیم میں پہلی بار کسانوں کو اس طرح ڈیجیٹل طور پر براہِ راست اپنے کھاتوں میں ادائیگی کی جا رہی ہے ۔ اس پروگرام کے دوران تقریباً 3,200 کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔سرکاری معلومات کے مطابق، اس تقریب میں راجستھان کے وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما مہمانِ خصوصی ہوں گے ، جبکہ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت بھاگیرتھ چودھری اور راجستھان کے وزیرِ زراعت ڈاکٹر کیروڑی لال مینا خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوں گے ۔ مقامی عوامی نمائندے ، کسان رہنما، وزارت اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران بھی شرکت کریں گے ۔ یہ تقریب پیر کے روز دوپہر 12 بجے جھنجھنو ہوائی پٹی پر منعقد ہوگی، جس میں جھنجھنو کے ساتھ سیکر، جے پور، کوٹ پُتلی-بہروڑ سمیت مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں کسان شریک ہوں گے ، جبکہ ملک بھر کے لاکھوں کسان بھی ورچوئل طریقے سے اس تقریب سے جڑیں گے ۔شیوراج چوہان کی اس اہم پہل کے تحت دیہی ہندوستان کے کروڑوں کسانوں کی معاشی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ، پہلی مرتبہ 30 لاکھ سے زائد کسانوں کو 3,200 کروڑ روپے سے زیادہ کی فصل بیمہ کے دعووں کی رقم براہِ راست ڈیجیٹل ذریعے سے ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔ اس میں راجستھان کے سات لاکھ سے زیادہ کسانوں کو 1,100 کروڑ روپے سے زائد رقم ملے گي ۔وزیرِ زراعت کے مطابق، ریاست وار بیمہ کے دعووں کے تحت مدھیہ پردیش کے کسانوں کو 1,156 کروڑ روپے ، راجستھان کے کسانوں کو 1,121 کروڑ روپے ، چھتیس گڑھ کے کسانوں کو 150 کروڑ روپے اور دیگر ریاستوں کے کسانوں کو 773 کروڑ روپے کا براہِ راست فائدہ ملے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اس اسکیم میں ٹیکنالوجی اور شفافیت ایک بنیادی عنصر ہے ۔ کسانوں کو فصل بیمہ کی رقم وقت پر ملے گی، جس سے ان کی مالی حالت بہتر ہوگی، سرمایہ کاری میں اعتماد بڑھے گا اور وہ زراعت میں غیر یقینی حالات کا بہتر مقابلہ کر سکیں گے ۔مرکزی وزیر زراعت نے بتایا کہ وزیرِاعظم نریندر مودی کی جانب سے 2016 میں شروع ہونے والی اس اسکیم کے تحت اب تک 78 کروڑ سے زائد کسانوں کی درخواستوں کو شامل کرتے ہوئے 1.83 لاکھ کروڑ روپے کے دعوؤں کی رقم ادا کی جاچکی ہے ، جبکہ کسانوں نے محض 35,864 کروڑ روپے بطور پریمیم ادا کیے ہیں۔
اوسطاً پانچ گنا سے زیادہ کلیم کی ادائیگی، حکومت کی کسان دوست پالیسی کا ثبوت ہے ۔زراعت و کسانوں کی بہبود کی وزارت کے مطابق، گزشتہ چند برسوں میں یس ٹیک، ونڈس پورٹل، اے آئی ڈی ای موبائل ایپ، کرشی رکشک پورٹل اور ہیلپ لائن 14447 جیسے متعدد تکنیکی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں، جن سے نہ صرف دعوؤں کو نمٹانے کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ موسم کے لحاظ سے اعداد و شمار مزید درست ہو گئے ہیں اور کسانوں کو گاؤں کی سطح پر اندراج کی سہولت میسر آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایم فصل بیمہ اسکیم، کسانوں کی محنت اور خود انحصار ہندوستان کے عزم کو مضبوط بناتی ہے ۔