ملک گیر این آر سی پر فیصلہ نہیں ہوا، صرف روہنگیاؤں کی شناخت

   

نئی دہلی : پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران ایک مرتبہ پھر این آر سی کا معاملہ اٹھا۔ پارلیمنٹ میں جواب دیتے ہوئے وزارت داخلہ کی طرف سے واضح کیا گیا کہ قومی سطح پر این آر سی کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے یہ ضرور بتایا گیا کہ روہنگیاوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور انہیں واپس بھیجنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ بتادیں کہ حکومت نے ملک میں رہنے والے غیر قانونی روہنگیا تارکین وطن کو ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ بتایا ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے کہا گیا کہ ملک میں این آر سی کا معاملہ کافی عرصے سے برقرار ہے۔ ہم پارلیمنٹ کے ذریعہ بتانا چاہتے ہیں کہ ملک میں قومی سطح پر ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوسرے دن مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نیتانند رائے نے لوک سبھا میں بتایا تھا کہ روہنگیا سمیت تمام غیر قانونی تارکین وطن ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور آئے دن ان کے غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہونے کی رپورٹس آتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایک عرضی بھی دائر کی گئی ہے ، جس میں ہندوستان سے روہنگیاوں کی حوالگی نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ حالانکہ یہ معاملہ ابھی زیر غور ہے اور اس سلسلہ میں عدالت سے کوئی حکم نہیں دیا گیا ہے۔