پارٹی کے استحکام اور ملک کی صورتحال کا جائزہ، تلنگانہ کیلئے مرکز سے امداد کی اپیل: سمپت کمار
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے آج اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں نئے تقرر شدہ اے آئی سی سی سکریٹریز اور جائنٹ سکریٹریز کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ملک کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی کے استحکام کے سلسلہ میں ضروری تجاویز پیش کی گئیں۔ سمپت کمار نے انہیں دوسری مرتبہ اے آئی سی سی سکریٹری مقرر کرنے پر ہائی کمان سے اظہار تشکر کیا۔ سمپت کمار کو چھتیس گڑھ ریاست کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور نفرت کے ایجنڈہ سے نمٹنے کیلئے اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور کمزور طبقات کو اے آئی سی سی میں مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ راہول گاندھی نے ہر چھ ماہ میں ایک بار سکریٹریز کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی عوامی رابطہ کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوامی مسائل پر جدوجہد کرے گی اور راہول گاندھی کو ملک کا آئندہ وزیر اعظم بنانے کی مساعی کی جائے گی۔ راہول گاندھی نے بارش سے متاثرہ تلگوریاستوں تلنگانہ اورآندھرا پردیش میں بچاؤ اور امدادی کاموں میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کو شمولیت کا مشورہ دیا۔ سمپت کمار نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں پارٹی قائدین امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سمپت کمار نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی جانب سے حکومت پر تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت اور عوام سے تعاون کرنے کے بجائے سیاست کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سماوی کے موقع پر سیاست کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے۔ سمپت کمار نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مکتوب پر وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری کارروائی کرتے ہوئے تلنگانہ کو امدادی گرانٹ جاری کرنی چاہیئے۔1